حیدرآباد :کورونا متاثرین کے لئے مسجد نے کھولے دروازے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-05-2021
بڑی پہل
بڑی پہل

 

 

 شیخ محمد یونس ۔ حیدرآباد

خدمت خلق اور کورونا مریضوں کی مدد کے لئے امت مسلمہ کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کی مدد' کورونا مریضوں کو آکسیجن سلنڈرس اور ادویہ کی فراہمی کے علاوہ کوویڈ 19سے فوت ہونے والے افراد کی بلا لحاظ مذہب و ملت آخری رسومات اور تدفین کے معاملہ میں مسلمان پیش پیش ہیں۔ یہی نہیں اب کورونا سے متاثرہ غریب اور ضرورت مند مریضوں کی مدد کے لئے مساجد کے دروازے بھی کھول دیئے گئے ہیں۔کورونا سنٹر میں 50 لوگوں کا اسٹاف تیار کیا گیا ہے جو تین شفٹ میں کام کریں گے۔ ان میں 4 ڈاکٹرس، 4 نرس اور چار بیڈ سائیڈ کیئر کرنے والے ملازمین ہوں گے۔ ان سب کی شفٹ 6-6 گھنٹے کی ہوگی۔ فیزیوتھیراپسٹ اور ڈائٹیشین بھی یہاں موجود رہیں گے۔ علاوہ ازیں صفائی ملازم اور دیگر معاون ملازم بھی ہوں گے۔

مسجد محمدی نے کھولے دروازے

 کوویڈ 19سے متاثرہ غریب' پریشان حال اور مشکلات کا شکار مریضوں کی مدد کے لئے راجندر نگر حیدرآباد میں مسجد کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ مسجد محمدی اہل حدیث آرام گھر چوراہا روبرو پلر نمبر 305 حیدرآباد میں روٹری اینڈ سیڈ آئسولیشن سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں 40بستروں کا نظم ہے اورتمام بستر آکسیجن کے علاوہ تمام ضروریات سے لیس ہیں۔سپورٹ فار ایجوکیشنل اینڈ ایکنامک ڈیولپمنٹ(سیڈ) ' روٹری کلب آف حیدرآباد دکن اور ہیلپنگ ہینڈس آف روٹری ٹرسٹ کے تعاون سے مسجد محمدی سے منسلک دومنزلہ عمارت میں آئسولیشن سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔اس سنٹر میں ایک غیر سرکاری عوامی طبی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن کے زیر اہتمام صوبائی جمعیت اہلحدیث کے اشتراک سے غریب اور ضرورت مند کورونا مریضوں کو تمام سہولتیں مکمل طورپر مفت فراہم کی جارہی ہیں۔

awazurdu

انسانی خدمت کا جذبہ

 مساجد اللہ کے گھر ہیں جہاں نمازیں ادا کی جاتی ہیں اور دین کی خدمت انجام دی جاتی ہیں۔تاہم موجودہ حالات میں انسانی بقاء ایک چیلنج بن گئی ہے۔کورونا کی دوسری لہر انتہائی ہلاکت خیز ہے ۔یومیہ لاکھوں افراد ہلاکت خیز کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔ہزاروں اموات واقع ہورہی ہیں۔حالات دن بہ دن ابتر ہورہے ہیں۔ایسی صورتحال میں انسانیت کی خدمت وقت کا تقاضہ ہے۔ان تمام امور کا بغور جائزہ لینے کے بعد جمعیت اہلحدیث تلنگانہ نے کوویڈ مریضوں کی مدد کیلئے مسجد محمدی کے دروازے کھول دینے کا فیصلہ کیا۔ لاک ڈاون کے دوران غریبوں کی دادرسی اور مدد کا معاملہ ہو یا کورونا سے فوت ہونے والوں کی آخری رسومات اور تدفین کا مسئلہ ہو امت مسلمہ نے بلا لحاظ مذہب و ملت انسانیت کی خدمت کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔کورونا بحران کے اس دور میں انسانیت کی مثالی اور بے لو ث خدمت انجام دی جارہی ہے۔یہی نہیں اب کورونا سے متاثر غریب مریضوں کو مدد کی فراہمی کیلئے مسلمانوں نے اپنی مساجد کے دروازے بھی کھول دیئے ہیں۔

تما م تر سہولیات دستیاب

امیر صوبائی جمعیت اہلحدیث تلنگانہ مولانا ڈاکٹر سید آصف عمری نے بتایا کہ کوویڈ 19 سے پریشان حال ضرورت مند اور غریب مریضوں کی مدد کیلئے جمعیت اہلحدیث کی راست نگرانی اور سرپرستی میں مسجد محمدی میں آئسولیشن سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 40 بیڈس کا نظم کیا گیا ہے۔تمام بیڈس کو آکسیجن سے مربوط کیا گیا ہے۔تمام ضروری ادویات کا انتظام ہے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ آئسولیشن سنٹر تمام عصری تقاضوں سے لیس ہے۔درکار ڈاکٹرس اور طبی عملہ ہمہ وقت مریضوں کی خدمت کیلئے موجود رہے گا۔صفائی کے بہترین انتظامات ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کوویڈ 19 کے علاج و معالجہ کے اخراجات غیر معمولی ہیں اور غریبوں کے دسترس سے باہر ہیں۔غریب اور ضر ورت مند مریضوں کی مدد کیلئے یہ سنٹر قائم کیا گیا ہے اور یہاں تمام سہولتیں مفت فراہم کی جارہی ہیں

awazurdu