حیدرآباد:مسلم میت کی تجہیز وتکفین کا کیا برادران وطن نے انتظام

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 07-06-2023
حیدرآباد:مسلم میت کی تجہیز وتکفین کا کیا برادران وطن نے انتظام
حیدرآباد:مسلم میت کی تجہیز وتکفین کا کیا برادران وطن نے انتظام

 

شیخ محمد یونس : حیدرآباد

شہر حیدرآباد میں ایک مسلم میت کی تجہیز و تکفین کا انتظام کرکے برادران وطن نے ہندو مسلم اتحاد اور قومی یکجہتی کی خوبصورت اور روشن مثال پیش کی ہے جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے وہ کم ہے۔

 شہر حیدرآباد کے گوتم نگر کے برادران وطن نے انسانیت  کی بہترین نظیر قائم کی ہے جس کی تمام گوشوں سے زبردست ستائش کی جا رہی ہے ۔

عبداللہ شیخ نامی شخص گزشتہ  پچیس برسوں سے گوتم نگر میں تنہا مقیم تھے۔ ان کے کوئی بھی رشتہ دار نہیں تھے۔ وہ گوتم نگر میں کافی مقبول تھے اور سب کے دکھ درد میں ہمیشہ شریک رہتے تھے ۔چند یوم قبل عبداللہ شیخ کی طبیعت خراب ہوگئی۔ انہیں گوتم نگر کے پڑوسی ہندو بھائیوں نے نہ صرف دواخانہ عثمانیہ میں شریک کروایا بلکہ ایک پڑوسی ہندو خاتون نے بہن کی طرح دواخانہ میں ان کی تیمارداری اور دیکھ بھال کی۔

عبداللہ شیخ کا دوران علاج دواخانہ میں انتقال ہوگیا ۔برادران وطن نے میت کے حصول کی کوشش کی تاکہ تجہیزوتکفین کا نظم کیا جا سکے تاہم دواخانہ کے انتظامیہ نے مسلم میت ہندو بھائیوں کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔

 ہندو بھائیوں  نے معاملے کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے ہیلپنگ ہینڈ فاؤنڈیشن سے رابطہ قائم کیا اور عبداللہ شیخ کی تجہیز و تکفین کے لئے تعاون کی درخواست کی۔

 ہندو بھائیوں کی اپیل پر ہیلپنگ ہینڈ فاؤنڈیشن کے کارکن دواخانہ عثمانیہ پہنچ گئے۔ میت کو حاصل کیا گیا۔غسل دیا گیا اور کفن پہنایا گیا۔

 بعد ازاں فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے یوتھ ویلفیئر تلنگانہ سے رابطہ قائم کیا اور تدفین کے انتظامات کی خواہش کی۔یوتھ ویلفیئر تلنگانہ کے صدر جلال الدین ظفر اپنی ٹیم کے ہمراہ فی الفور پہنچ گئے اور تدفین کے تمام انتظامات کئے ۔

عبداللہ شیخ کی تدفین قبرستان جمال بی کا تکیہ قادری چمن میں عمل میں آئی۔ اس موقع پر ہندو بھائی بھی موجود تھے اور مجسمہ غم بنے ہوئے تھے۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بےحد ضروری ہے کہ عبداللہ شیخ کے انتقال پر سارا گوتم نگر رنج و غم میں ڈوبا ہوا تھا اور ان کے پڑوسی ہندو بھائی بہن زاروقطار رو رہے تھے ۔عبداللہ شیخ کی تجہیز و تکفین کے تمام اخراجات ان کے پڑوسی ہندو بھائی کوڈو رو کرشنانے ادا کئے ۔

ہندوستان  ایک سیکولر ملک ہے جہاں ہندو ،مسلم ،سکھ، عیسائی بھائی بھائی کی طرح رہتے ہیں۔عید اور تہوار مل جل کر منائے جاتے ہیں۔ چند مٹھی بھر شر پسند اور انسانیت کے دشمن ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اتحادواتفاق، گنگا جمنی تہذیب اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں تاہم سماج میں مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کی ان عظیم مثالوں کے باعث فرقہ پرستوں اور دشمنان امن کی تمام ناپاک اور مذموم  سازشیں ناکام و نامراد ہو جاتی ہیں۔