حیدر آباد:میسکو کیسے بنا تعلیم کا’چراغ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-06-2021
میسکو۔ تعلیمی مشن
میسکو۔ تعلیمی مشن

 

 

شاہد حبیب / نئی دہلی

میسکو آج حیدرآباد میں گھر گھر میں مقبول ہے۔ اس کی مقبولیت نہ صرف ان مختلف تعلیمی اداروں کی وجہ سے ہے جو اس تنظیم نے پچھلے کئی سالوں میں قائم کے ہیں بلکہ حفظان صحت اور دیگر سماجی خدمات میں ان کی مخیر سرگرمیاں بھی قابل تحسین ہیں ۔ میسکو جو کہ مسلم ایجوکیشنل اینڈ سوشل کلچرل آرگنائزیشن کی شارٹ فارم ہے ، کا قیام 1983 میں میڈیکل کے داخلے کے امتحانات کے لئے طلبہ کی تربیت کی اس کی پہلی سرگرمی کے ساتھ ہوا تھا۔

میسکو کا قیام شہر حیدرآباد سے دور ہاسٹل میں مقیم ایم بی بی ایس کی پڑھائی کرنے والے کچھ نوجوانوں کی کوششوں کا مرہون منت ہے ۔ یہ نوجوان ڈاکٹرز اکثر معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقوں بالخصوص مسلم معاشرے کی ترقی کے بارے میں فکر مند رہتے تھے کیونکہ انھیں یہ شدت سے احساس ہوگیا تھا کہ مسلمان تعلیم میں پیچھے رہ گئے ہیں۔

میڈیکل کی پڑھائی سے فراغت کے فورا بعد ، سینئر ڈاکٹروں کی کچھ رہنمائی سے ، انہوں نے 1982 تک حیدرآباد میں مییسکو کا اندراج کیا اور 1983 سے مکمل آپریشن شروع کیے۔ انھوں نے میڈیکل کالجوں میں معاشرے کے تمام طبقات کے طلباء کی داخلہ امتحان میں شرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کے تحت کوچنگ شروع کی۔

انہوں نے سول سروسز کے خواہشمندوں کی سرپرستی بھی شروع کی جو دہلی کے آئی اے ایس کوچنگ سنٹر میں داخلہ لینا چاہتے تھے ۔ میسکو نے ان کی رہائش اور کتابوں جیسی اپنی دوسری ضروریات کی تکمیل میں بھی ان کی مدد کی ۔

میسکو گروپ آف انسٹیٹیوٹ کے اعزازی سکریٹری ڈاکٹر فخرالدین محمد نے بتایا کہ پی جی اور یو پی ایس سی کے داخلہ امتحانات کے علاوہ کیریئر کونسلنگ اور کیریئر گائیڈنس ورکشاپس کے لئے یہ کوچنگ کلاس ابھی بھی چل رہی ہیں ۔

میسکو (مسلم ایجوکیشنل اینڈ سوشل کلچرل آرگنائزیشن) سوشل انٹرپرائز نے نہ صرف تعلیمی میدان میں ہی مہم جوئی کی ہے بلکہ حفظان صحت ، کمیونٹی اور معاشرتی خدمات اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی بیش بہا خدمات انجام دی ہیں ۔

نظریہ اور مشن

ڈاکٹر فخرالدین کہتے ہیں کہ جب ہم نے 1982 میں میسکو کا آغاز کیا تو ہمارا مقصد صرف مسلم معاشرے کی خدمت کرنا نہیں تھا بلکہ معاشرے کے دوسرے طبقوں کے ضرورت مند افراد بھی تھے جو معاشی طور پر کمزور ہیں۔ ہمدرد فاؤنڈیشن میں کوچنگ کے لئے ہم نے حالیہ بیچ جن 6 افراد کو دہلی بھیجا ان میں 4 غیر مسلم امیدوار اور 2 مسلمان امیدوار تھے۔

میسکو کے بانیوں کا وژن ہے کہ مسلم معاشرہ جدید دور کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے با اختیار ہو اور وہ اپنے اپنے شعبوں میں لیڈر بن کر ابھریں ۔ اور اس کے حصول کے لئے صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ صحت اور ایک فعال معاشرتی زندگی بھی نا گزیر ہے لہذا تعلیم کے علاوہ حفظان صحت اور معاشی مدد کی پیش کش کو بھی ملحوظ رکھا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مشن کی شروعات طالب علموں کو مختلف پیشوں میں اعلی تعلیم کے حصول میں مدد دینے کے لئے کی تھی تاکہ وہ اس ملک کے اچھے شہری بنیں اور معاشرے کی خدمت کریں۔ جب ہماری سرگرمیاں بڑھنے لگیں تو ہمارا مشن معاشرے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بدلتا رہا۔ ہمیں یہ احساس ہوا کہ مسلم نوجوانوں کو تعلیم دینے کے لئے ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنے ، معاشی طور پر بااختیار بنانے اور زندگی میں کچھ معنی خیز کرنے کے لئے اعتماد اور جذبے کو جاں گزیں کرنے کی ضرورت ہے۔ لہذا ان کا ایک اولین مشن بدلتے وقت کی پیشہ ورانہ تعلیم کے لئے رہنمائی اور مشاورت فراہم کرنا ہے۔ میسکو جسمانی ، ذہنی ، ثقافتی اور روحانی نشوونما کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی کرتی ہے تاکہ طلباء اپنی صلاحیتوں کو اعلی مدارج تک پہنچا سکیں ۔

میسکو کے تعلیمی ادارے

حیدرآباد میں گذشتہ 30 سالوں سے پانچ اسکول چل رہے ہیں جنہیں "میسکو گریڈ" کہا جارہا ہے۔ گاندیپیٹ میں ایک چھٹا اسکول بڑے پیمانے پر زیر تعمیر ہے۔ اسکول کے ایک اسٹاف نے بتایا کلیہ یہ اسکول ایک جدید ٹیکنو اسکول ہوگا جہاں ایک وقت میں 5000 لڑکیاں اور لڑکے تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ 15 کروڑ سے زیادہ کا ایک بہت بڑا منصوبہ ہے اور یہ نئی دہلی کے دہلی ورلڈ پبلک اسکول کی طرح ہوگا۔

اسکولوں کے علاوہ ، میسکو میں ایک جونیئر کالج ، پیشہ ورانہ جونیئر کالج ہے جہاں پیرامیڈیکل کورسز پڑھائے جاتے ہیں ، اور اساتذہ کا ایک تربیتی کالج ، ڈگری کالج بھی ہے جس میں بی اے ، بی کام ، ایم بی اے ، بی فارما وغیرہ کے کورسز پڑھائے جاتے ہیں ۔

میسکو دوسرے اداروں کو بھی اپنی مشاورتی خدمات کے ذریعے مدد فراہم کرتا ہے۔ اسکولوں میں الیف کورس کروانے کی وجہ سے میسکو گریڈ کا کامیاب ماڈل کافی مقبول ہورہا ہے۔ اور ہندوستان اور بیرون ملک بہت سارے اسکول ایسے ہیں جنہوں نے اس ماڈل کو کامیابی کے ساتھ نقل کیا ہے۔

الیف اور ڈیل کورس

میسکو اسکولوں کی خاص بات الیف کورس ہے جس میں بچوں کو پری پرائمری سطح سے ہی عربی زبان کی تعلیم دی جاتی ہے تاکہ جب وہ اسکول کی تعلیم مکمل کر لیں تو عربی زبان کو سمجھنے ، پڑھنے اور لکھنے کے قابل ہوجائیں۔

ادارے کے بانیان میں شامل ڈاکٹر افتخار الدین کہتے ہیں کہ اس کورس کو صرف ایک ہی مقصد کے ساتھ بنایا گیا ہے کہ ترجمے پر انحصار کیے بغیر بچوں کو قرآن پاک کی زبان کو سمجھنے کے قابل بنایا جاسکے۔ ہمارے طلباء جب کلاس 8 میں ہوتے ہیں تب تک وہ عربی زبان میں قرآن مجید کے معنی کو براہ راست سمجھنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

کورس حرف تہجی کے 2 اور 3 حرفی چھوٹے چھوٹے الفاظ سے شروع ہوتا ہے جس طرح بچے انگریزی زبان میں سیکھتے ہیں۔ اس میں تجوید (تلفظ) گرائمر ، الفاظ ، نبیوں کی داستانیں ، اہم حدیثیں ، سیرت النبی (نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی) اور دیگر اسلامی علم کا احاطہ بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم برسوں سے نصاب میں بہتری لانے کے لئے کوشا رہے ہیں تاکہ بچوں کو بغیر کسی تناؤ کے سیکھنے میں آسانی ہو سکے ۔ آج 20 سال سے زیادہ مستقل طور پر تقویت پانے کے بعد ہمارے پاس معیاری نصاب اور طریقہ کار موجود ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ آج 3 لاکھ سے زیادہ طلباء نے اس کورس سے فائدہ اٹھایا ہے۔ اور الیف کورس کے بعد پورے ہندوستان میں 300 سے زائد اسکولوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

ڈیل : عربی زبان میں اساتذہ کے لئے ڈپلوما کورس

کورس کے ان چارج مولانا سید افتخار حسین کہتے ہیں کہ ڈیل ایک باقاعدہ کورس تھا جس میں ہمارے پاس عالم اور دوسرے گریجویٹ حضرات ہندوستان بھر تک لاک ڈاؤن نافذ ہونے تک حیدرآباد آتے تھے - اب ہمارے پاس آن لائن کورس موجود ہیں تاکہ اساتذہ کو الیف کورس کے طریقہ کار کو سمجھنے میں مدد ملے اور وہ اسے اپنے اسکولوں میں بچوں کو پڑھا سکیں۔

کوئی بھی شخص ترجمے پر انحصار کیے بغیر قرآن مجید کو اپنی اصل زبان میں سمجھنے میں دلچسپی رکھتا ہے وہ اس سے مستفید ہو سکتا ہے۔ یہ سب کے لئے کھلا ہے اور قابل رسائی ہے کیونکہ اب آن لائن ہوگیا ہے۔

میسکو کی طبی خدمات

میسکو کے تشخیصی مرکز کا آغاز بھی 1984 میں مطالعاتی مراکز کے ساتھ شروع میں کیا گیا تھا۔ تشخیصی مرکز میں غریبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فیس کی قیمت برائے نام ہیں۔ تمام تشخیصی ٹیسٹوں کے علاوہ اس مرکز میں ایمبولینس نیٹ ورک کی خدمات بھی موجود ہیں۔ میسکو فزیوتھیراپی اور دانتوں کا کلینک بھی چلاتا ہے اور اس نے حال ہی میں سستی فیسوں پر امراض قلب کے مریضوں کے لئے بھی خدمات کا آغاز کیا ہے ۔

حیدرآباد کے علاوہ دیگر مقامات جیسے لکھنؤ ، امروحہ میں جدید ترین معیاری سازو سامان اور عالمی معیار کی خدمات کے ساتھ مییسکو کے تشخیصی مراکز موجود ہیں۔ پچھلے 40 سالوں سے میسکو تشخیصی مرکز مذہب ، ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر شہر کی کم آمدنی والے گروپ کو خدمات فراہم کررہا ہے۔

الٹرا ساؤنڈ ٹریننگ پروگرام جہاں ڈاکٹروں خصوصا خواتین ڈاکٹروں کو پیٹ اور پیلوک اسکیننگ کی تربیت دی جاتی ہے وہ گذشتہ 25 سال سے جاری ہے۔ تشخیصی مرکز کو خلیجی تعاون کونسل کی ریاستوں نے بھی ان خلیجی ممالک میں سفر کرنے والے افراد کو ملازمت سے قبل میڈیکل معائنہ کرنے کے لئے تسلیم کیا ہے۔ یہ ٹیسٹ 1983 سے لے کر آج تک کئے جارہے ہیں۔

خدمت خلق کی دیگر سرگرمیاں

صدقہ اور دیگر امدادی سرگرمیوں میں میسکو گروپ ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ کورونا کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کے دوران مییسکو نے ایک اور تنظیم کے ساتھ مل کر ہزاروں افراد میں صفائی ستھرائی کے سازوسامان اور قوت مدافعت بڑھانے والی ادویات تقسیم کیں اور ساتھ ہی کورونا کی روک تھام کے احتیاطی تدابیر پر آگاہی بھی پیدا کی اور ایک ہیلپ لائن چلائی جس نے چوبیس گھنٹے کام کیا۔

میسکو معاشی طور پر کمزور طبقے کے مستحق طلباء کے لئے سبسڈی فیس کے علاوہ کئی اسکالرشپ بھی آفر کرتا ہے ۔ یہ وظائف حیدرآباد اور دیگر اضلاع کے طلباء کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ ٹیسٹ کروا کر دے جاتے ہے۔

رمضان کے دوران صدقات دینا میسکو کی ایک باقاعدہ خصوصیت ہے جہاں وہ کچی آبادی میں رہائش پذیر لوگوں تک پہنچتے ہیں اور لوازمات اور کپڑے سے ان کی مدد کرتے ہیں۔

ان مخیر اور مخلصانہ خدمات کے علاوہ میسکو کا منصوبہ ہے کہ مستقبل میں ایک لا کالج بھی قایم کیا جائے اور الیف اور ڈیل کے کورسز کو ملک کے دیگر حصوں تک بھی پہنچایا جائے تاکہ دوسرے مسلمان بچے بھی اس سے مستفید ہو سکیں ۔