نئی دہلی: ووٹر لسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کے دوران انڈیا اتحاد کے سینئر رہنماؤں اور سیکڑوں اراکینِ پارلیمنٹ کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا۔
گرفتار ہونے والوں میں راہل گاندھی، ملیکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی، شرد پوار اور اکھلیش یادو شامل ہیں۔ ارکانِ پارلیمنٹ پارلیمنٹ ہاؤس سے الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹر کی طرف مارچ کر رہے تھے کہ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور بیری کیڈ عبور کرنے کی کوشش پر انہیں روک لیا۔ اس موقع پر معمولی نوک جھونک بھی ہوئی اور بعد ازاں تمام رہنماؤں کو سنسد مارگ تھانے منتقل کر دیا گیا۔ راہل گاندھی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ سیاسی نہیں بلکہ آئین اور "ایک شخص، ایک ووٹ" کے اصول کو بچانے کی لڑائی ہے۔