تل ابیب/ آواز دی وائس
صنعت کے وزیر پیّوش گوئل نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان میں اسرائیلی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک کے صنعتی شعبے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، مینوفیکچرنگ اور مصنوعی ذہانت سمیت کئی میدانوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔
گوئل نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے دیگر اہم شعبوں میں فِن ٹیک، ایگرو ٹیک، مشین لرننگ، کوانٹم کمپیوٹنگ، فارما، خلائی تحقیق اور دفاع شامل ہیں انہوں نے اسرائیل کے وزیرِ اقتصادی امور نیر برکاٹ کے ساتھ ہندوستان–اسرائیل بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان لامحدود امکانات اور صلاحیتیں موجود ہیں۔
گوئل 60 رکنی تجارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ وہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے مختلف رہنماؤں اور کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔ وزیر نے کہا کہ کئی عوامل ہندوستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک کشش رکھنے والی منزل بناتے ہیں، جن میں جمہوریت، آبادیاتی فائدہ، ڈیجیٹائزیشن، تیز رفتار ترقی اور مضبوط قیادت شامل ہیں۔
گوئل نے کہا کہ ہندوستان سرمایہ کار دوست اور کاروبار کے لیے پُراعتماد ماحول فراہم کرتا ہے۔ یہ دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ اسی پروگرام میں وزیر نیر برکاٹ نے کہا کہ ہندوستانی انفراسٹرکچر کمپنیاں اسرائیل آکر مختلف پروجیکٹس میں بولی لگا سکتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان–مغربی ایشیا–یورپ اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان اشتراک بڑھانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔
ایک نمایاں عالمی منصوبے کے طور پر پیش کیا گیا آئی ایم ای سی ، سعودی عرب، ہندوستان، امریکہ اور یورپ کے درمیان سڑک، ریل اور سمندری نقل و حمل کا ایک بڑا نیٹ ورک قائم کرنے کا مقصد رکھتا ہے، تاکہ ایشیا، مغربی ایشیا اور یورپ کے درمیان بہتر رابطہ کاری ممکن ہو سکے۔
ستمبر 2023 میں جی 20 سربراہ کانفرنس، دہلی کے دوران آئی ایم ای سی منصوبے کو حتمی شکل دی گئی تھی۔ ہندوستان کی جانب سے اسرائیل کو برآمدات 2024-25 میں 52 فیصد کم ہو کر 2.14 ارب ڈالر رہ گئیں، جو پچھلے سال 4.52 ارب ڈالر تھیں۔ درآمدات میں بھی 26.2 فیصد کمی آئی اور یہ 1.48 ارب امریکی ڈالر رہ گئیں۔
اپریل 2000 سے جون 2025 کے درمیان ہندوستان نے اسرائیل سے 33.78 کروڑ ڈالر کی ایف ڈی آئی (براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری) حاصل کی۔