کیسا رہے گا دہلی کا موسم؟ آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-05-2025
کیسا رہے گا دہلی کا موسم؟ آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ
کیسا رہے گا دہلی کا موسم؟ آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ اگرچہ گزشتہ ہفتے ہوئی بارش سے کچھ راحت ملی تھی، لیکن اب دوبارہ گرمی کا قہر لوگوں کو جھلسا رہا ہے۔ جہاں شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نے عوام کی پریشانی بڑھا دی ہے، وہیں ممبئی میں شدید بارش کے بعد کچھ راحت دیکھی گئی۔ بارش نے شہر کے کچھ حصوں، خاص طور پر جنوبی ممبئی میں عام زندگی کو درہم برہم کر دیا۔ لوگوں کو درخت گرنے، پانی بھراؤ اور بجلی کی فراہمی میں خلل جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آسام میں بھی شدید بارش نے حالات کو بگاڑ دیا ہے۔ جانیں ملک کے مختلف حصوں میں موسم کا کیا حال ہے۔
دہلی کا موسم کیسا ہے؟
آئی ایم ڈی نے دہلی کے کئی علاقوں میں موسم سے متعلق وارننگ جاری کی ہے۔ 30 مئی کو تیز بارش، بجلی چمکنے اور 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے، ساتھ ہی "اورنج الرٹ" بھی جاری کیا گیا ہے۔ جمعرات کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 1.3 ڈگری کم تھا۔ کم از کم درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو معمول سے 2.4 ڈگری زیادہ تھا۔
۔31 مئی کو محکمہ موسمیات نے "درمیانی بارش" کی امید ظاہر کی ہے، لیکن آندھی-طوفان، بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کی وارننگ بدستور قائم ہے۔ تاہم، اس کے بعد موسم میں بہتری کے آثار ہیں۔ 1 جون کو "گرج چمک کے ساتھ بارش" کی امید ہے، مگر اس دن کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ 2 جون سے موسم میں نمایاں بہتری آئے گی، صرف جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کی پیشگوئی ہے، اور کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
ممبئی کا تازہ موسمی اپڈیٹ
ممبئی میں اس بار مانسون وقت سے پہلے پہنچ چکا ہے۔ 27 مئی کو ہونے والی شدید بارش نے گزشتہ 107 سال کا مئی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ آج، یعنی 30 مئی کو، آئی ایم ڈی نے ممبئی کے لیے "ییلو الرٹ" جاری کیا ہے، جس میں درمیانی سے شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی امید ہے۔ نشیبی علاقوں جیسے کرلا، سائن، دادار اور پرل میں پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 27 مئی کی بارش سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا، ٹریفک جام ہوا، حتیٰ کہ لوکل ٹرینوں کی رفتار بھی متاثر ہوئی۔
مانسون کہاں تک پہنچا؟
جنوب مغربی مانسون 2025 اس بار تیزی سے ملک میں پیش قدمی کر رہا ہے۔ 24 مئی کو کیرالہ میں اس کی آمد ہوئی، جو 2009 کے بعد سب سے جلد ہے۔ اب مانسون دیگر ریاستوں کی طرف بڑھ رہا ہے
کیرالہ، کرناٹک، گوا، مہاراشٹر: 26 مئی کو مانسون ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کئی حصوں، پورے گوا اور کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں پہنچ چکا ہے۔
شمال مشرقی ہندوستان: مانسون آسام، میگھالیہ، میزورم، منی پور، ناگالینڈ، تریپورہ اور اروناچل پردیش کے کئی حصوں تک پہنچ چکا ہے، جہاں زبردست بارش ہو رہی ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، مانسون آئندہ 3-4 دنوں میں مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور بہار کے کچھ علاقوں میں بھی پہنچ جائے گا۔ دہلی میں مانسون کے 25-30 جون کے درمیان پہنچنے کی امید ہے۔
کیرالہ میں بارش سے نقصان
کیرالہ میں موسلادھار بارش سے شدید نقصان ہوا ہے۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں کے لوگوں سے محفوظ مقامات یا ریلیف کیمپوں میں منتقل ہونے کی اپیل کی گئی ہے۔ ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ روانہ ہونے سے پہلے موسمی وارننگز پر توجہ دیں۔
آئی ایم ڈی نے ریاست کے آٹھ اضلاع میں جمعرات کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ 
ریڈ الرٹ والے علاقے
آئی ایم ڈی نے ملک کے کئی حصوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جہاں انتہائی شدید بارش کی امید ہے
کیرالہ: کنّور اور کاسرگوڈ میں ریڈ الرٹ، باقی 12 اضلاع میں اورنج الرٹ، شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ۔
شمال مشرقی ہندوستان: آسام، میگھالیہ، میزورم، تریپورہ، سب-ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں 30 مئی تک شدید بارش کا ریڈ الرٹ۔
مہاراشٹر: چندرپور ضلع میں ریڈ الرٹ، ناگپور، امراؤتی اور وردھا میں اورنج الرٹ۔
اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ: جنوبی اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ میں ڈپریشن کے باعث شدید بارش کی وارننگ، کچھ مقامات پر ریڈ الرٹ جاری۔