ممبئی حملوں میں تہور کا کردار عدالت کے سامنے کیسے بے نقاب ہوا؟

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-04-2025
ممبئی حملوں میں تہور کا کردار  عدالت کے سامنے کیسے بے نقاب ہوا؟
ممبئی حملوں میں تہور کا کردار عدالت کے سامنے کیسے بے نقاب ہوا؟

 



ممبئی:ممبئی میں 26/11 کے دہشت گردانہ حملوں کی سازش تہور رانا نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر رچی تھی۔ اس سازش کا انکشاف اس کے بچپن کے دوست اور ممبئی حملوں کے مرکزی ملزم، ڈیوڈ کولمین ہیڈلی کی گواہی سے ہوا۔سال 2016 میں ہیڈلی نے ایک نامعلوم امریکی مقام سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ممبئی کی ایک خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہو کر یہ انکشافات کیے۔ اس دوران خصوصی سرکاری وکیل اجول نکم اور دفاعی وکیل ایڈووکیٹ وہاب خان کے سوالات کے جواب میں اس نے کئی اہم باتیں بیان کیں۔ ہیڈلی نے بتایا کہ وہ مسلسل تہور رانا کے رابطے میں تھا۔

ہیڈلی نے تہور کا پردہ چاک کیا

ہیڈلی نے بتایا کہ اس نے اپنی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے ممبئی میں ایک بزنس آفس کھولنے کی اجازت بھی تہور رانا سے ہی لی تھی۔این آئی اے کی چارج شیٹ کے مطابق، تہور رانا نے ڈیوڈ ہیڈلی اور بھارت میں دہشت گردانہ حملوں کی سازش میں شامل دیگر افراد کو لاجسٹک، مالی، اور دیگر معاونت فراہم کی۔

ہیڈلی اور تہور کا تعلق

بتایا جاتا ہے کہ امریکہ کی ایک عدالت تہور رانا کو لشکرِ طیبہ سے وابستگی کے الزام میں پہلے ہی مجرم قرار دے چکی ہے۔یاد رہے کہ لشکرِ طیبہ پاکستان کا ایک دہشت گرد تنظیم ہے جو پاکستان سے ہی حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کرتی ہے۔امریکی عدالت نے تہور رانا کو پیغمبر محمد کے خاکے شائع کرنے والے ڈنمارک کے اخبار کے خلاف حملے کی سازش میں تو مجرم ٹھہرایا، مگر 26/11 ممبئی حملوں میں شمولیت کے الزامات سے بری کر دیا۔تاہم، شکاگو میں ہونے والے مقدمے نے اس کے اور ہیڈلی کے تعلق کو پوری دنیا کے سامنے لا دیا۔ہیڈلی نے اجول نکم کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ اس نے تہور کے ساتھ مل کر 26/11 ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کی اور اس پر عمل درآمد کیا۔ہیڈلی کے اسی بیان نے ان حملوں میں تہور کی شمولیت کو واضح کر دیا اور اس کے بعد کوئی شبہ باقی نہ رہا۔

ہیڈلی نے اپنی گواہی میں اور کیا کہا؟

امریکہ کی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن(FBI) نے 2009 میں تہور رانا کی سزا کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ تہور نے یہ تسلیم کیا ہے کہ وہ جانتا تھا کہ لشکر ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔ہیڈلی نے بھی اپنی گواہی میں بتایا کہ اس نے پاکستان میں لشکر کے تربیتی کیمپوں میں حصہ لیا تھا۔اس نے کہا کہ 2002 سے 2005 کے درمیان وہ پانچ بار ان تربیتی کیمپوں میں گیا۔2005 کے آخر میں لشکر نے اسے بھارت میں جاسوسی کرنے کا حکم دیا۔وہ پانچ بار بھارت گیا اور تین سال بعد 2008 میں ممبئی پر دہشت گرد حملے کیے گئے جن میں 166 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔

امیگریشن آفس کے پیچھے چھپی سازش

ہیڈلی نے عدالت کو بتایا کہ اس نے اور لشکر کے دو دیگر ارکان نے اپنی سرگرمیوں کو چھپانے کے لیے ممبئی میں ایک امیگریشن آفس کھولنے پر غور کیا۔اس نے شکاگو جا کر اپنے بچپن کے دوست رانا کو اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا اور اس سے مشورہ لیا کیونکہ رانا شکاگو اور دیگر جگہوں پر "فرسٹ ورلڈ امیگریشن سروسز" نامی کمپنی چلاتا تھا۔ہیڈلی نے رانا سے ممبئی میں امیگریشن آفس کھولنے کی اجازت طلب کی۔

تہور نے کیسے کی ہیڈلی کی مدد؟

ہیڈلی کی گواہی کے مطابق، تہور رانا نے فرسٹ ورلڈ کمپنی سے وابستہ ایک شخص کو ہدایت دی کہ وہ ایسے دستاویزات تیار کرے جو ہیڈلی کی کور اسٹوری کو سپورٹ کریں۔اسی نے بھارت کا ویزا حاصل کرنے میں بھی ہیڈلی کی مدد کی، اور اس کے لیے ای میلز اور دیگر کاغذات بھی تیار کیے گئے۔ہیڈلی نے بتایا کہ لشکر نے ممبئی میں حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔نومبر 2008 میں ممبئی پر حملہ کرنے والے دس دہشت گردوں کے اسی گروپ نے اس سے پہلے ستمبر اور اکتوبر میں بھی حملے کی کوشش کی تھی، مگر وہ کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔ڈیوڈ ہیڈلی نے یہ بھی بتایا کہ وہ حملوں سے پہلے 8 بار اور حملے کے بعد ایک بار بھارت آیا تھا۔اس نے دو سال تک مقامات کا جائزہ لیا۔وہ ممبئی کے بندرگاہوں کے ارد گرد کشتی میں گھوما اور ایک بالی وڈ اسٹار سے بھی دوستی کی۔