بارش اور سیلاب نےکہاں مچائی کتنی تباہی؟

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-07-2025
بارش اور سیلاب نےکہاں مچائی کتنی تباہی؟
بارش اور سیلاب نےکہاں مچائی کتنی تباہی؟

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
اس وقت مانسون تقریباً پورے ملک میں سرگرم ہے۔ اس سال جنوب مغربی مانسون آٹھ دن پہلے ہی ملک میں داخل ہو گیا تھا۔ اس برس مانسونی بارش کی وجہ سے پانی سے متعلق حادثات میں جان و مال کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ منگل کے روز لوک سبھا میں مرکزی حکومت نے بتایا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے موصولہ معلومات کے مطابق اس سال 16 جولائی تک بارش اور پانی سے جڑے حادثات میں اب تک 1297 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حکومت کے مطابق ان حادثات میں 50 ہزار سے زائد جانور ہلاک ہوئے، جب کہ 92 ہزار سے زائد مکانات یا جھونپڑیاں تباہ ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیڑھ لاکھ ہیکٹر سے زیادہ زمین پر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
کن ممبران پارلیمنٹ نے سوالات اٹھائے؟
دراصل، لوک سبھا میں سوال و جواب کے سیشن کے دوران بی جے پی کے سدھیر گپتا، منیش جائےسوال، شیوسینا کے دھیریہ شیل سانبھا جی راو مانے اور کانگریس کے رویندر و سنت راو نے حکومت سے مانسون کے سبب ہوئے جان و مال کے نقصان پر تفصیلات مانگی تھیں۔ ان ارکان نے یہ جاننا چاہا کہ آیا حکومت نے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے کسی ٹیم کی تشکیل کی ہے یا نہیں، اور متاثرین کو معاوضہ کب تک فراہم کیا جائے گا۔
کن ریاستوں میں کتنی اموات ہوئیں؟
ان سوالات کا جواب وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا خود ڈیٹا جمع نہیں کرتی، بلکہ یہ معلومات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے حاصل کی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق 16 جولائی تک ملک بھر میں بارش اور پانی سے جڑے حادثات میں 1297 افراد ہلاک ہوئے، 51,699 پالتو جانور مر گئے اور 92,663 گھروں کو نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں، 1,54,394 ہیکٹر زرعی اراضی پر کھڑی فصلیں بھی برباد ہو گئیں۔
مرکزی حکومت ریاستوں کو کس طرح مدد دیتی ہے؟
نتیانند رائے نے بتایا کہ حکومت کو کسی ریاستی درخواست کا انتظار کیے بغیر، ہماچل پردیش میں بارش، سیلاب، بادل پھٹنے اور زمین کھسکنے جیسے قدرتی حادثات کے جائزے کے لیے ایک بین الوزارتی مرکزی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی آفات رسپانس فنڈ  اور قومی آفات رسپانس فنڈ  کے ذریعے ریاستوں کو راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لیے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے، لیکن ان فنڈز سے قدرتی آفات میں ہونے والے نقصانات کا براہِ راست معاوضہ نہیں دیا جاتا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل پالیسی آن ڈیزاسٹر مینجمنٹ  کے تحت زمینی سطح پر راحت رسانی کی ذمہ داری ریاستی حکومتوں کی ہوتی ہے۔ جب زمین کھسکنے اور سیلاب جیسی قدرتی آفات کا اعلان کیا جاتا ہے تو ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف سے مالی مدد دی جاتی ہے۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ رواں مالی سال میں 15 جولائی تک مرکز کی طرف سے 22 ریاستوں کو ایس ڈی آر ایف کے تحت 9578.40 کروڑ روپے کی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔