نئی دہلی: روس سے رعایتی قیمت پر خام تیل درآمد کرنے سے ہندوستان کو ہونے والا خالص سالانہ فائدہ صرف 2.5 ارب ڈالر ہے، جو پہلے بتائے گئے 10 سے 25 ارب ڈالر کے اندازے سے کہیں کم ہے۔ یہ تخمینہ ایک تحقیقی رپورٹ میں پیش کیا گیا ہے۔
بروکریج کمپنی سی ایل ایس اے کی جمعرات کو جاری رپورٹ کے مطابق: روسی خام تیل کی درآمد سے ہندوستان کو ہونے والا فائدہ میڈیا میں بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔ ہمارے اندازے کے مطابق یہ فائدہ ہندوستان کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کا صرف 0.06 فیصد یعنی تقریباً 2.5 ارب ڈالر ہے۔ فروری 2022 میں روس۔یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہندوستان نے روس سے تیل کی درآمد تیزی سے بڑھائی ہے۔
مالی سال 2024-25 میں ہندوستان نے کل 54 لاکھ بیرل یومیہ تیل درآمد کیا، جس میں سے 36 فیصد یعنی 18 لاکھ بیرل یومیہ تیل روس سے آیا۔ جنگ سے پہلے یہ شرح ایک فیصد سے بھی کم تھی۔ روس نے مغربی ممالک کی طرف سے پابندیاں لگنے کے بعد اپنے تیل پر بھاری رعایت دینا شروع کی تھی، جس سے ہندوستان کو سستی قیمت پر توانائی کی سپلائی یقینی ہوئی۔
تاہم امریکہ سمیت کئی ممالک نے ہندوستان پر تنقید کی اور اسے محض منافع خوری قرار دیا۔ البتہ سی ایل ایس اے نے کہا کہ روسی تیل پر 60 ڈالر فی بیرل کی قیمت کی حد بظاہر بڑی رعایت دکھائی دیتی ہے، لیکن دراصل بیمہ، جہاز رانی اور ری انشورنس جیسی کئی پابندیوں کے باعث ہندوستان کو یہ فائدہ بہت کم ملتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 میں روسی تیل پر اوسط رعایت 8.5 ڈالر فی بیرل تھی، جو 2024-25 میں گھٹ کر 3 تا 5 ڈالر رہ گئی اور حالیہ مہینوں میں صرف 1.5 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے۔ سی ایل ایس اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہندوستان روسی تیل کی درآمد بند کرتا ہے تو اس سے عالمی سپلائی متاثر ہوگی اور خام تیل کی قیمت 90 سے 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے، جس سے عالمی مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ روسی تیل کے زیادہ درآمدی حصے کی وجہ سے ہندوستانی تیل کمپنیوں کو بہتر معیار والے اور مہنگے خام تیل کا بھی آمیزہ کرنا پڑتا ہے۔ اس وجہ سے اوسط درآمدی قیمت میں کوئی واضح فائدہ نظر نہیں آتا۔ سی ایل ایس اے کی رپورٹ کے مطابق روسی تیل کی درآمد نہ صرف ہندوستان کے لیے اسٹریٹیجک نقطۂ نظر سے اہم ہے بلکہ یہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں پر قابو رکھنے میں بھی معاون ہے۔
تاہم اب یہ مسئلہ محض اقتصادی نہیں بلکہ سیاسی بھی بن گیا ہے، کیونکہ ہندوستان اپنے تجارتی فیصلوں میں آزادانہ مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے۔ امریکی حکومت نے روس سے سستا تیل خریدنے کا سلسلہ جاری رکھنے پر ہندوستانی مصنوعات کی درآمد پر محصول کو 27 اگست سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا ہے۔