نئی دہلی: وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ ہندوستان نے مالی سال 2024-25 کے اختتام تک ملکی ذرائع سے 1,20,000 کروڑ روپے مالیت کے فوجی ساز و سامان اور ہتھیار خریدے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سلامتی سے جڑی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے ہندوستان لگاتار خود انحصاری کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت، خصوصاً ڈرون جیسے "نان کانٹیکٹ وارفیئر" (دور سے لڑی جانے والی جنگی تکنیک) کی اہمیت کو بخوبی سمجھتی ہے اور اسی کے مطابق تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے مختلف سلامتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہندوستانی دفاعی صنعت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرِ دفاع نے کہا، ’’2021-22 میں ہماری ملکی دفاعی خریداری تقریباً 74,000 کروڑ روپے کی تھی، لیکن 2024-25 کے اختتام تک یہ بڑھ کر تقریباً 1,20,000 کروڑ روپے ہو گئی ہے۔ یہ تبدیلی صرف اعداد و شمار کی نہیں بلکہ ذہنیت کی تبدیلی کی علامت بھی ہے۔‘‘ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت نے گزشتہ دس برسوں میں دفاعی ساز و سامان کے دیسی ڈیزائن، ترقی اور تیاری کو فروغ دینے کے لیے متعدد پالیسی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب فوجی ساز و سامان کی خرید میں گھریلو ذرائع کو سب سے زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔ سنگھ نے کہا، ’’ہندوستانی حکومت جدید جنگ کی بدلتی ہوئی فطرت سے بخوبی واقف ہے۔ آج کی جنگ مکمل طور پر ٹیکنالوجی پر مبنی ہو چکی ہے۔ ہم نے اس کی ایک مثال آپریشن سندور میں بھی دیکھی۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’اس آپریشن میں ہم نے دیکھا کہ ڈرون، ڈرون شکن نظام اور فضائی دفاعی نظام جیسی دور سے لڑی جانے والی جنگی تکنیکوں کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔‘‘ راج ناتھ سنگھ نے ہندوستان کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف کے پیشِ نظر دفاعی شعبے کے اہم مقاصد کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا، ’’پہلا مقصد یہ ہے کہ اہم دفاعی صلاحیتوں میں خود انحصاری حاصل کی جائے۔ دوسرا، ہمیں دفاعی میدان میں ایک نمایاں عالمی برآمد کنندہ بننا ہوگا۔‘‘ وزیرِ دفاع نے کہا، ’’تیسرا مقصد یہ ہے کہ ہم جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجیوں میں پیش رفت کریں تاکہ ہندوستان ان ممالک کی صف میں شامل ہو جائے جن کے پاس انتہائی ترقی یافتہ دفاعی ٹیکنالوجی موجود ہے۔‘‘