نئی دہلی: ہندوستان میں 45 برس اور اس سے زائد عمر کے 14 فیصد سے زیادہ افراد رکاوٹی پھیپھڑوں کی بیماری (Obstructive Lung Disease) میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ یہ انکشاف ایک بین الاقوامی محققین کی ٹیم کے تجزیے میں کیا گیا ہے۔ اس ٹیم میں ممبئی کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاپولیشن سائنسز کے ماہرین بھی شامل تھے۔
’لانگیٹیوڈینل ایجنگ اسٹڈی اِن انڈیا‘ (LASI) کے تحت 31 ہزار سے زائد بالغ افراد کے پھیپھڑوں کے فعل کی جانچ ’اسپائرو میٹری‘ کے ذریعے کی گئی۔ اسپائرو میٹری ایک عام معائنہ ہے جو پھیپھڑوں کی کارکردگی ناپنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ یہ مطالعہ ملک کا پہلا اور دنیا کا سب سے بڑا ایسا ڈیٹابیس ہے جس میں بزرگ آبادی سے متعلق معلومات طویل مدت تک درج کی گئی ہیں۔
جریدہ پبلک لائبریری آف سائنس (PLOS One) میں شائع نتائج سے معلوم ہوا کہ یہ بیماری خواتین کے مقابلے مردوں میں زیادہ ہے اور عمر بڑھنے کے ساتھ اس کا امکان بڑھتا جاتا ہے۔ رکاوٹی پھیپھڑوں کی بیماری میں "کرانک آبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز" (COPD) ایک قسم ہے۔ یہ بیماری پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے، سوزش ہونے اور ہوا کے بہاؤ میں رکاوٹ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔
اس ٹیم میں امریکہ کی یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا اور ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ کے محققین بھی شامل تھے۔ ٹیم نے پایا کہ شرکاء میں اس بیماری کے بارے میں آگاہی کی سطح نہایت کم تھی۔ مطالعے کے مطابق، سروے میں شامل صرف 12 فیصد مردوں اور 11 فیصد خواتین نے بتایا کہ انہیں پہلے سے اس بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔
محققین نے کہا: ’’رکاوٹی پھیپھڑوں کی بیماری کی شرح 14.4 فیصد تھی۔ یہ خواتین کے مقابلے مردوں میں زیادہ تھی اور عمر کے ساتھ بڑھتی گئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بیماری کے بارے میں آگاہی انتہائی کم تھی، کیونکہ صرف 12 فیصد مرد اور 11 فیصد خواتین ہی اس سے پہلے اس مرض کے بارے میں جانتے تھے۔