پٹنہ / آواز دی وائس
ووٹروں کی فہرست کے تجدیدِ نو کے دوران بھاگلپور میں دو پاکستانی خواتین ووٹروں کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ دونوں پاکستانی خواتین گزشتہ 60 سال سے زیادہ عرصے سے نہ صرف یہاں رہ رہی ہیں بلکہ آدھار کارڈ اور ووٹر شناختی کارڈ بھی بنوا چکی ہیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ یہ خواتین لمبے عرصے سے ووٹ بھی ڈالتی آ رہی ہیں۔ بغیر ویزا توسیع کے یہ خواتین دہائیوں سے ہندوستان میں رہائش پذیر ہیں۔ مزید یہ کہ ان میں سے ایک پاکستانی خاتون بھاگلپور کے سرکاری اسکول میں استانی کے طور پر بھی ملازمت کر چکی ہے۔ وزارتِ داخلہ اور الیکشن کمیشن نے اس معاملے میں مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ فی الحال پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے لیکن یہ دونوں خواتین ہاتھ نہیں آ رہی ہیں۔
معاملہ کیسے سامنے آیا؟
حکام کے مطابق، بھاگلپور میں ووٹر لسٹ کی تجدید کے دوران یہ معاملہ اجاگر ہوا۔ بھاگلپور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ڈی ایم) نے اس پر جانچ کرائی۔ بوتھ لیول افسر فرزانہ خانم نے بتایا کہ انہیں محکمے کی جانب سے ایک حکم ملا تھا، جس میں پاسپورٹ اور ویزا کی تفصیلات درج تھیں۔ اسی بنیاد پر جانچ ہوئی اور پھر کارروائی شروع کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک خاتون کا نام امرانه خانم ہے، جو کافی ضعیف اور بیمار ہیں۔ ان کا پاسپورٹ 1956 کا ہے اور ویزا 1958 میں جاری کیا گیا تھا۔ وزارتِ داخلہ نے 11 اگست کو مقامی الیکشن دفتر کو نوٹس بھیج کر فوری جانچ اور کارروائی کا حکم دیا تھا۔
پاکستان بھیجا جا سکتا ہے
دونوں خواتین کو قانون توڑنے اور غیر قانونی طور پر ووٹر کارڈ بنوا کر یہاں چھپ کر رہنے کی وجہ سے واپس پاکستان ڈی پورٹ کیا جا سکتا ہے۔ ان کے خلاف غیر ملکی ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے۔ فی الحال بھاگلپور کے ڈی ایم ڈاکٹر نول کشور چوہدری نے فارم-7 کے تحت ان کے نام ووٹر لسٹ اور آدھار لسٹ سے ہٹانے کی سفارش کی ہے۔ بغیر ویزا توسیع کے رہنے پر ان دونوں پاکستانی خواتین کے خلاف ملک سے ڈی پورٹ کرنے سمیت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محبت کی وجہ سے ہندوستان میں رہ گئی امرانه
۔1956 میں پاکستان سے آئی امرانه خانم کسی کام کے سلسلے میں بھاگلپور پہنچی تھیں، جہاں کجرائلی سمرِیا کے رہنے والے محمد ابنول حسن سے ان کا دل لگ گیا۔ دونوں نے محبت کی شادی کی اور ساتھ رہنے لگے۔ شروع میں امرانه نے کئی بار ویزا کی توسیع کرائی، مگر بعد میں دونوں نے لاپرواہی برتنی شروع کر دی اور یہ عمل ترک کر دیا۔ امرانه محکمے کی نگرانی سے بھی اوجھل ہو گئیں۔ کچھ سال بعد یہ دونوں بھاگلپور کے عشاق چک علاقے کے بھیخن پور میں مکان بنا کر بس گئے۔
شوہر نے جُگاڑ سے دلوائی نوکری
ابنول، بانکا ضلع کے ایک مدرسے میں ملازم تھے۔ انہوں نے تعلقات استعمال کر کے بھاگلپور کے برہ پورہ میں واقع اردو مڈل اسکول میں امرانه خانم کو بھی استانی کی نوکری دلوائی۔ وہاں انہوں نے امرانه خاتون کے نام سے ملازمت اختیار کی۔ چونکہ امرانه نے ویزا کی تجدید کے لیے درخواست دینا بند کر دیا تھا، اس لیے وزارتِ داخلہ کی نظر بھی اس پر پڑی۔ تقریباً تین سال پہلے اس وقت کے ایس ایس پی بابو رام نے اس معاملے کی تفتیش شروع کروائی۔
انہوں نے غیر ملکی شاخ کے انچارج اور کئی تھانیداروں سے رپورٹ طلب کی، تب جا کر پورا معاملہ سامنے آیا۔ اردو مڈل اسکول برہ پورہ میں امرانه بطور استانی درج تھیں۔ اگرچہ وہ حاضری نہیں دیتی تھیں، لیکن اسکول کے بورڈ پر ان کا نام موجود تھا۔ اس وقت پولیس نے تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امرانه کے شوہر ابنول کا 2018 میں انتقال ہو چکا ہے اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
دوسری پاکستانی خاتون بھی غائب
بھاگلپور کے بھیخن پور ٹینک لین میں رہنے والی پاکستانی خاتون فردوسیہ خانم کا بھی کوئی سراغ پولیس کو نہیں مل رہا۔ فردوسیہ، محمد تفضیل احمد کی بیوی ہیں اور وہ 19 جنوری 1956 کو تین ماہ کے ویزا پر ہندوستان آئی تھیں اور یہیں بس گئیں۔ مقامی صحافی کے مطابق، وہ بغیر ویزا توسیع کے بھاگلپور میں رہ رہی ہیں لیکن جب بھی سکیورٹی ایجنسیاں چھان بین کرتی ہیں، وہ غائب ہو جاتی ہیں۔
اطلاع یہ بھی ہے کہ ان کے علاوہ بھی کچھ پاکستانی شہری بھاگلپور میں آ کر بس گئے ہیں، جن کی کوئی خبر نہیں مل پاتی۔ 2002 میں پاکستان سے محمد امین الدین نامی شخص گوڑادیہ تھانہ کے ڈہرپور گاؤں آیا اور یہاں کی ایک عورت سے شادی کر کے یہیں رہ گیا۔ غیر ملکی شاخ کی جانب سے جب بھی تفتیش ہوتی تو وہ روپوش ہو جاتا۔ اسی سال پاکستان سے آیا محمد اسلم بھی کافی چرچا میں رہا، جس نے دھوکہ دہی سے اپنا آدھار کارڈ بنوا لیا تھا۔ پولیس اور سکیورٹی ایجنسیاں وقتاً فوقتاً غیر ملکی شہریوں کی تلاش جاری رکھتی ہیں۔