کیسے کیا ممبئی پولیس نے منشیات اسمگلنگ ریکیٹ کا پردہ فاش؟

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-08-2025
کیسے کیا ممبئی پولیس نے منشیات اسمگلنگ ریکیٹ کا پردہ فاش؟
کیسے کیا ممبئی پولیس نے منشیات اسمگلنگ ریکیٹ کا پردہ فاش؟

 



ممبئی / آواز دی وائس
ممبئی پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے ایک بہت بڑے ریکٹ کا پردہ فاش کیا اور اس معاملے میں پولیس کی تحقیقات مہاراشٹر کے سانگلی سے شروع ہو کر گجرات کے سورت، پھر بیرونِ ملک متحدہ عرب امارات اور آخر میں ترکیہ تک جا پہنچی۔ پولیس کس طرح اس قدر بڑے منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے سرغنہ تک پہنچی، یہ نہایت دلچسپ ہے۔
اس ریکٹ کا سرغنہ ممبئی کے کاٹن گرین علاقے کا رہائشی سلیم اسماعیل ڈولا ہے۔ ڈولا گزشتہ چند سالوں میں منشیات کی دنیا کے انتہائی مطلوب افراد میں سے ایک بن چکا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اس کے جنوبی افریقہ اور میکسیکو کے منشیات کارٹیل سے بھی روابط ہیں۔
داؤد ابراہیم کے گینگ سے تعلق
۔1998 میں ڈولا کو ممبئی ایئرپورٹ پر 40 کلو میڈریکس کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ڈولا کا تعلق داؤد ابراہیم کے گینگ سے ہے۔
نشہ آور مواد کی قیمت جان کر رہ جائیں گے حیران
۔2018 میں سلیم ڈولا کا نام ممبئی ایئرپورٹ کے قریب ایک ایسے کیس میں آیا جس میں ایک ہزار کروڑ روپے مالیت کی فینٹانائل ڈرگ پکڑی گئی تھی۔ ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس نے بھی اسے 5.5 کروڑ روپے کے گٹکے کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اسے این ڈی پی ایس ایکٹ کی خامیوں کے بارے میں خاصی معلومات ہیں۔
بیٹے طاہر کو نہیں سونپا کام
2018 میں ڈولا ملک چھوڑ کر متحدہ عرب امارات چلا گیا۔ حال ہی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ڈولا کے بارے میں اطلاع دینے پر ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ ایک افسر کے مطابق، ڈولا خود نشہ نہیں کرتا، وہ شراب پیتا ہے لیکن اس کا بیٹا طاہر نشہ کرتا ہے۔ ڈولا نے اپنا کاروبار بیٹے کے سپرد کرنے کے بجائے سلیم شیخ عرف لاوش پر اعتماد کیا۔
ڈولا تک کیسے پہنچی ممبئی پولیس؟
اس پورے معاملے میں فروری 2024 میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے چار افراد کو گرفتار کیا اور ان کے پاس سے چار کلو میفڈرون (منشیات) برآمد کی۔ پولیس کو پتا چلا کہ یہ منشیات سانگلی ضلع کے ایرلی گاؤں کی ایک فیکٹری سے لائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بتایا کہ مہاراشٹر میں پچھلے پانچ سالوں میں 5,158 کلو میفڈرون ضبط ہو چکی ہے اور اس کی بازار میں قیمت تقریباً 9,522 کروڑ روپے ہے۔
ڈولا کا بھتیجا مصطفیٰ کُببا والا بھی پکڑا گیا
پولیس نے اس فیکٹری پر چھاپہ مارا اور 122 کلو میفڈرون کے ساتھ کچھ اور سامان برآمد کیا۔ پولیس نے مزید چھ افراد کو گرفتار کیا جن میں ڈولا کا بھتیجا مصطفیٰ کببا والا بھی شامل تھا۔ مصطفیٰ متحدہ عرب امارات اور سورت کے درمیان آتا جاتا رہتا تھا اور وہاں سے کیمیکل کی سپلائی کرتا تھا۔ تحقیقات میں پتا چلا کہ مصطفیٰ ڈولا کے بیٹے طاہر کے ساتھ مل کر متحدہ عرب امارات سے یہ کاروبار چلا رہا تھا۔
طاہر اور مصطفیٰ کو گرفتار کیا گیا
اب ممبئی پولیس کے سامنے چیلنج طاہر اور مصطفیٰ کو گرفتار کرنا تھا۔ ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے سی بی آئی کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے حکام کو ان کی چارج شیٹ بھیجی۔ اس کے بعد طاہر اور مصطفیٰ کو گرفتار کر کے ہندوستان لایا گیا۔ مصطفیٰ نے تفتیش میں بتایا کہ اسے برومائیڈ نامی کیمیکل سورت کے برجیش مورابیا سے ملتا تھا۔ برجیش مورابیا ایک جعلی دوا ساز کمپنی چلاتا تھا۔ بعد میں پولیس نے مورابیا کو بھی گرفتار کر لیا۔