نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے منگل کے روز دہلی کے مہرولی میں واقع عاشق اللہ درگاہ اور بابا فرید چلہ گاہ کو منہدم کرنے کے خلاف دائر عرضیوں کا فیصلہ سنایا۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ دہلی سرکل کے سپرنٹنڈنٹ آرکیالوجسٹ کے بیان کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم ان اپیلوں کا نپٹارا اس بات کے ساتھ کرتے ہیں کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو متعلقہ آثار قدیمہ کی مرمت اور تجدید کاری پر نظر رکھنی چاہیے۔
سپریم کورٹ نے دہلی، مہرولی علاقے میں ڈی ڈی اے کی جانب سے صوفی بزرگ کی درگاہ سمیت مذہبی ڈھانچوں کو گرانے کے خلاف دائر عرضی پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ جسٹس ناگرتنا نے کہا کہ عدالت کی اجازت کے بغیر 13ویں صدی کی درگاہ میں کوئی توڑ پھوڑ یا انہدام نہیں ہوگا۔
سپریم کورٹ کی ناراضگی
سپریم کورٹ نے ڈی ڈی اے سے پوچھا كہ آپ اسے منہدم کیوں کرنا چاہتے ہیں؟" وکیل نے کہا کہ یہ ایک پارک ہے، ہم درگاہ کے خلاف نہیں ہیں بلکہ یہ درگاہ کے ساتھ غیر قانونی تعمیرات کے بارے میں ہے۔ جسٹس ناگرتنا نے کہا كہ سڑک کے بیچ میں آپ مندر نہیں بنا سکتے، فٹ پاتھ پر آپ مندر نہیں بنا سکتے، مجھے اس کی واقفیت ہے کیونکہ جب ہم ہائی کورٹ میں تھے تب ہمیں سپریم کورٹ کے انہی احکامات کو نافذ کرنا پڑا تھا۔ لیکن یہاں ایسا کچھ نہیں ہے۔
ڈی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ ہم مذہبی کمیٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر کوئی کارروائی نہیں کریں گے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ ڈھانچہ مذہبی کمیٹی کے سامنے نہیں جا سکتا کیونکہ اس پر کوئی قبضہ یا تجاوزات نہیں ہیں۔ ہم یہ حکم جاری رکھتے ہیں کہ موجودہ ڈھانچے میں مزید کوئی تبدیلی یا اضافہ نہ ہو لیکن جو کچھ موجود ہے اسے محفوظ کیا جانا چاہیے۔ 13ویں صدی کے اس آثار قدیمہ کو گرانے کا سوچ بھی کیسے سکتے ہیں؟ ہم ایسا معاملہ بھی نہیں چاہتے جہاں آثار قدیمہ کے تحفظ کی آڑ میں غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ دیا جائے۔
ساتھ ہی عدالت نے تمام اپیلوں کا نپٹارا کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کی آڑ میں کسی بھی طرح کی غیر قانونی تعمیر کو تحفظ نہیں ملنا چاہیے۔
عرضی گزار کے وکیل نے کیا کہا؟
عرضی گزار کے وکیل نظام پاشا نے کہا کہ یہ قدیم آثار قدیمہ ایکٹ کے تحت ایک تاریخی عمارت تھی لیکن محفوظ نہیں تھی۔ اس کی خستہ حالت کے باعث اس کی مرمت کے لیے کچھ ٹائلیں لگائی گئی تھیں، اسی وجہ سے ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ قدیم نہیں لگتی۔ پھر ASI نے ایک رپورٹ دی کہ یہ 13ویں صدی کا قدیم آثار قدیمہ ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ اپیل کنندہ اس عدالت کے سامنے ہیں، اور اس موقع پر یہ ذکر کیا جا سکتا ہے کہ خصوصی اجازت عرضی ایک ایسے شخص نے دائر کی ہے جو ہائی کورٹ کے سامنے فریق نہیں تھا۔ یہاں اپیل کنندہ ہائی کورٹ کے سامنے رِٹ عرضی گزار تھے۔ ہائی کورٹ کے سامنے رِٹ عرضی ایک عوامی مفاد کی عرضی کے طور پر دائر کی گئی تھی جس میں ہدایات مانگی گئی تھیں۔