نئی دہلی/آواز دی وائس
دہلی کے لاجپت نگر علاقے سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک خاتون اور اس کے بیٹے کا قتل تیز دھار ہتھیار سے کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس دوہرے قتل کی واردات اسی گھر میں گھریلو ملازم کے طور پر کام کرنے والے شخص نے انجام دی ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اس سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت روچیکا اور ان کے 14 سالہ بیٹے کرش کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزم نے یہ قتل دیر رات انجام دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اسی نے ماں بیٹے کا قتل کیا ہے۔ اس نے بتایا کہ مالکن نے اسے سب کے سامنے ڈانٹا تھا، اسی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں خاتون اور اس کا بیٹا اکیلے تھے۔ صبح جب دیگر اہل خانہ گھر پہنچے تو دروازہ اندر سے بند ملا۔ اس کے بعد اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ جب دروازہ توڑا گیا تو اندر بیڈروم میں خاتون کی لاش ملی، جبکہ بیٹے کی لاش باتھ روم میں پڑی تھی۔
واقعے کے بعد سے غائب تھا گھریلو ملازم
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد سے ہی گھر میں کام کرنے والا گھریلو ملازم غائب تھا۔ پولیس نے جب تفتیش شروع کی تو پتہ چلا کہ اس گھر میں ایک اور شخص بھی رہتا تھا جو اب لاپتہ ہے۔ اس کے بعد پولیس نے اس کی شناخت کی اور اسے گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے۔ بعد میں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔