پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار کی راجدھانی پٹنہ میں آٹو اورٹینکر کے درمیان ہونے والی خوفناک ٹکر میں پانچ افراد کی موت ہو گئی جبکہ چھ لوگ شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرا دیا۔ اس ہولناک حادثے میں جان گنوانے والوں میں کئی خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس فی الحال پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
گنگا اشنان سے واپس لوٹ رہے تھے دیہاتی
ابھی تک ملی اطلاع کے مطابق حادثے میں مرنے والے افراد نلندہ ضلع کے ہلسا کے ملاما گاؤں کے رہنے والے تھے۔ وہ سب گنگا میں اشنان کرنے گئے تھے۔ صبح کے وقت گنگا اشنان کے بعد سبھی لوگ آٹو سے واپس لوٹ رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار ہائوا (ٹینکر) نے آٹو کو زور دار ٹکر مار دی۔ اس خوفناک ٹکر میں آٹو کے پرخچے اُڑ گئے۔
حادثے کے بعد ملزم ڈرائیور فرار
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ملزم ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کی ٹیمیں اس کی گرفتاری کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے میں زخمی کئی افراد کی حالت اب بھی نازک ہے اور انہیں دیگر اسپتالوں میں ریفر کر دیا گیا ہے۔