طالبان سے ہندوستان کے ساتھ خوشگوار اور مستحکم تعلقات کی امید۔: مولانامحمود مدنی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 20-09-2021
مولانامحمود مدنی
مولانامحمود مدنی

 

 

 نئی دہلی:ایک طویل عرصے تک عالمی طاقتوں کے ساتھ مقابلہ آرائی اور بے شمار قربانیوں کے بعد اپنے ملک کو بیرونی مداخلت سے پاک کرکے اقتدار تک پہنچنے والی جماعت ’طالبان‘ سے امید ہے کہ وہ اسلامی اقدار اور نبوی کردار کی روشنی میں حقوق انسانی کا احترام کرتے ہوئے ملک کے تمام طبقات کے سا تھ منصفانہ اور کریمانہ معاملہ کریں گے،نیز خطے کے تمام ممالک بالخصوص ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو خوش گوار اور مستحکم بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو نے دیں گے۔

ان خیالات اور امکانات کا  اظہار پیر کو مرکزی دفتر جمعیۃ علماء ہند کے مفتی کفایت اللہ ہال میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محموداسعد مدنی کے زیر صدارت مجلس عاملہ کے  ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔مجلس عاملہ میں افعانستان میں رو نماہونے والی نئی سیاسی تبدیلی پر غور و خوض ہوا۔

مجلس عاملہ  کے مطابق ماضی میں افغانستان کے ساتھ ہندستان کے قریبی، تہذیبی روابط رہے ہیں او رنئے افغانستان کی تعمیر و ترقی میں ہندستان کا بہت اہم کردار ہے، جس کا جیتا جاگتا ثبوت افغانی پارلیامنٹ کی جدید عمارت، ملک کے طول و عرض میں چلنے والے ترقیاتی منصوبے اور وسیع شاہ راہیں ہے۔

ایسی صورت حال میں بہتر یہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھی جائیں تا کہ گزشتہ چالیس سال سے جنگ و خوف کے سایے میں زندگی بسر کرنے والے افغان عوام سکون کی سانس لے سکیں اور ہر طر ح کے بیرونی خطرات سے محفوظ رہیں۔

اس اجلاس میں ملک کے موجودہ حالات، افغانستان کی جدید سیاسی صورت حال، معاشرتی اصلاح، کسانوں کی تحریک اور ساتھ ہی دوسرے اہم ملی وسماجی ایشوز پر تفصیل سے غور وخوض ہوا۔

awazurdu

جمعیۃ علماء ہند کی صدارت کے لیے سبھی اکیس ریاستوں کی مجالس عاملہ کی طرف سے متفقہ طور سے مولانا محمود اسعد مدنی کے نام کی تجویز آئی ہے جسے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹر ی مولانا حکیم الدین قاسمی نے مجلس عاملہ میں پیش کیا۔ مجلس عاملہ نے منظور کرتے ہوئے اگلے ٹرم کی صدارت کے لیے ’مولانامحمود مدنی‘ کے نام پر مہر ثبت کی، اس طرح مولانا مدنی نے تجاویز پر دستخط کرکے عہدہ صدارت کا چارج سنبھال لیا۔

مجلس عاملہ میں ملک میں طویل عرصے سے جاری کسانوں کی تحریک پرتفصیل سے تبادلہ خیال ہوا۔

مولانا محمود مدنی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جمہوریت کی طاقت یہ ہے کہ ہر ایک اپنے مطالبات اور مسائل پر احتجاج کا حق رکھتاہے، کسانوں کو بھی اپنے حق کے لیے تحریک چلانے کا بنیادی و ا ٓئینی حق حاصل ہے، لیکن یہ دیکھا گیا ہے کہ موجودہ سرکار ایسی تحریکوں کو ایڈریس کرنے بجائے اسے کچلنے پر یقین رکھتی ہے، حالاں کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں ان کا یہ بنیادی حق تسلیم کیا ہے، جس کے تحفظ کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہو تی ہے۔ سبھی پہلوؤں پر غور و خوض کے بعد مجلس عاملہ نے اعلان کیا کہ کسانوں کی حسب سابق حمایت کی جائے گی۔

مجلس عاملہ نے اصلاح معاشرہ کی زمینی تحریک کو موجودہ دور میں سب سے اہم فریضہ متصور کرتے ہوئے اس سلسلے میں شعبہ اصلاح معاشرہ کی طرف سے تحریر کردہ رہ نما اصول کو منظور ی دی اور سماج و برادری کے بااثر افراد کو جوڑ کر با معنی و بامقصد تحریک چلانے کو اولین ذمہ داری قرار دیا۔واضح ہو کہ جمعیۃ علما ء ہند 1922ء سے معاشرتی اصلاح کی تحریک چلارہی ہے، بالخصوص 1991ء میں اس وقت کے صدر جمعیۃعلماء ہند حضرت فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ نے اسے ایک تحریک کی شکل دی تھی اور بیل گاڑیوں پر گاؤں گاؤں سفر کرکے سماج سدھار کا کام کیا تھا۔

ا ن کی اتباع میں ملک میں بہت ساری ایسی تحریکیں شروع ہوئیں، وہ اپنے اپنے انداز میں جاری ہیں، جمعیۃ علماء ہند نے جدید صورت حال میں ایک منظم اور نئے انداز میں تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ اسے نتیجہ خیز بنا یا جاسکے۔

اجلاس مجلس عاملہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کی دعاء پراختتام کو پہنچا۔

اجلاس میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی کے علاوہ بطور رکن مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند، مولانا رحمت اللہ کشمیری،نائب امیرا لہند مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری، مولانا صدیق اللہ چودھری، مولانا مفتی محمد راشد اعظمی، مولانا شوکت علی ویٹ، مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی، مولانا نیاز احمد فاروقی اور مفتی افتخار قاسمی کرناٹک شریک ہوئے، مدعو خصوصی کے طور پر مولانا محمد سلمان بجنوری دارالعلوم دیوبند، مفتی احمد دیولہ گجرات، مفتی محمد عفان منصورپوری،مولانا محمد عاقل گڑھی دولت، مولانا علی حسن مظاہری، مفتی عبدالرحمن نوگاواں سادات، مولانا عبدالقدوس پالن پوری، ڈاکٹر مسعود احمد اعظمی، حاجی محمد ہارون بھوپال، ڈاکٹر سعید الدین قاسمی،قاری محمد ایوب اعظمی، مولانا عبدالقادر آسام جب کہ بذریعہ زوم مولانا ندیم احمد صدیقی، مولانا حافظ پیر شبیر احمد، مولانا محمد رفیق مظاہری، مفتی حبیب الرحمن الہ آباد،قاری محمد امین راجستھان شریک ہوئے۔