ہنی سنگھ اور کرن اوجلا کی مشکلات میں اضافہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 07-08-2025
ہنی سنگھ اور کرن اوجلا کی مشکلات میں اضافہ
ہنی سنگھ اور کرن اوجلا کی مشکلات میں اضافہ

 



چنڈی گڑھ/ آواز دی وائس
بالی ووڈ کے گلوکار یو یو ہنی سنگھ اور پنجابی گلوکار کرن اوجلا کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ان دونوں گلوکاروں کے گانوں کو لے کر پنجاب خواتین کمیشن نے خود نوٹس لیا ہے۔ دراصل، ہنی سنگھ کے "ملینیم" گانے کو لے کر خواتین کمیشن نے پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو ایک خط بھی لکھا ہے۔ اس خط میں ہنی سنگھ کے خلاف تحقیقات کروانے کی بات کہی گئی ہے، ساتھ ہی انہیں 11 اگست کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کو بھی کہا گیا ہے۔
دوسری جانب، پنجابی گلوکار کرن اوجلا کے گانے "ایم ایف گبرو " کو لے کر بھی تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ گانے میں خواتین کے لیے قابلِ اعتراض الفاظ کے استعمال پر پنجاب خواتین کمیشن نے خود نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہے۔ کرن اوجلا کو بھی 11 اگست کو پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب یو یو ہنی سنگھ کے گانے کو لے کر تنازع ہوا ہو۔ 2019 میں بھی وہ اپنے گانے کو لے کر تنازع میں گھر گئے تھے۔ مسلسل تنازعات میں گھِرے رہنے والے ہنی سنگھ کے خلاف اس وقت پنجاب خواتین کمیشن کی چیئرپرسن منیشا گلاتی نے فوجداری مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی تھی۔
حال ہی میں ہنی سنگھ کا نیا گانا "مکھنا" ریلیز ہوا تھا، جو مداحوں میں کافی مقبول بھی ہوا، مگر اس گانے میں خواتین کے لیے نازیبا زبان کے استعمال پر منیشا گلاتی نے از خود نوٹس لیا تھا۔ پنجاب خواتین کمیشن نے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو خط لکھ کر گانے کے بول "میں ہوں وومینائزر" پر ہنی سنگھ کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔