آنند: مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے ہفتہ، 5 جولائی 2025 کو گجرات کے آنند ضلع میں ہندوستان کی پہلی قومی سطح کی تعاون یونیورسٹی تربھون کی بنیاد رکھی۔ اپنے خطاب کے دوران امت شاہ نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "کانگریس کے لیڈر کو یہ تک معلوم نہیں کہ تربھون داس جی کانگریس کے ہی لیڈر تھے، نہ کہ ہماری پارٹی کے۔
امت شاہ نے کہا کہ جب وزیر اعظم نے یہ فیصلہ کیا کہ ملک کے کروڑوں غریبوں کی اقتصادی خوشحالی کے لیے تعاون کی ایک الگ وزارت قائم کی جائے تو "وزارتِ تعاون" کا قیام عمل میں آیا۔ اس کے بعد ملک بھر کے مختلف خطوں سے وابستہ تعاون سے جڑے لوگوں سے ملاقاتیں کی گئیں اور تعاون کے نظام کو ملک کے ہر کونے تک پہنچانے کے لیے مفصل منصوبہ بندی کی گئی۔ پچھلے چار سالوں میں حکومت نے 60 اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد تعاون کے نظام کو شفاف، ترقی یافتہ، مقبول بنانا، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ آج 40 لاکھ کارکنان تعاون کے شعبے سے وابستہ ہیں اور 30 کروڑ افراد اس تحریک سے جڑے ہوئے ہیں۔ امت شاہ نے مزید کہا کہ اس نظام کی اصل بنیاد کارکنان اور تعاون کمیٹیوں کے ممبران ہیں، لیکن اب تک ان کی تربیت کا کوئی مناسب انتظام نہیں تھا۔
اب یونیورسٹی بننے کے بعد صرف تربیت یافتہ افراد کو ملازمت ملے گی، اور اسی وجہ سے جو بھتیجاواد اور اقربا پروری کا الزام تھا وہ ختم ہو جائے گا۔ اس یونیورسٹی کا نام ہندوستان میں تعاون کی تحریک کے بانیوں میں سے ایک تربھون داس کھیشی بھائی پٹیل کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے امول کی بنیاد رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
ان کی پیدائش 22 اکتوبر 1903 کو آنند کے کھیڑا میں ہوئی تھی اور وفات 3 جون 1994 کو ہوئی۔ سرکاری بیان کے مطابق تربھون کوآپریٹو یونیورسٹی کا مقصد تعاون کے بڑھتے ہوئے شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک پیشہ ور اور تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا ہے۔
آئندہ پانچ برسوں میں یہ یونیورسٹی تقریباً 20 لاکھ کارکنان کو تربیت دے گی، جو مختلف شعبوں جیسے پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائٹیز ، ڈیری، ماہی گیری وغیرہ سے وابستہ ہیں۔ یونیورسٹی کثیر شعبہ جاتی تعلیمی پروگرام بھی فراہم کرے گی، جن میں پی ایچ ڈی، منیجمنٹ کی ڈگریاں، نگران سطح پر ڈپلومے اور آپریشنل سطح پر سرٹیفکیٹ کورسز شامل ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چار برسوں میں 200 سے زائد موجودہ کوآپریٹو اداروں کو ایک قومی نیٹ ورک سے جوڑنے کی کوشش کرے گا۔