متھرا (اتر پردیش): رنگ بھری ایکادشی کے موقع پر جمعہ کو ورنداون کے مندروں میں ہولی اتسو کی شروعات ہو گئی۔ اہم مندروں کے باہر عقیدت مندوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں اور پورا شہر روایتی ’رسیا‘ بھجنوں سے گونج اٹھا۔ بانکے بہاری مندر میں پجاریوں نے بتایا کہ اتسو کی شروعات بھگوان بانکے بہاری کی جانب سے علامتی طور پر بھکتوں کے ساتھ ہولی کھیلنے سے ہوئی۔
مندر کے سیوایت (پجاری) گیانیندر کشور گوسوامی نے کہا کہ رسم کا آغاز ٹھاکر جی کی جانب سے رادھا رانی پر کیسر، گلاب جل، ٹیسو کے عرق اور پچکاری سے عطر ملا پانی چھڑکنے سے ہوا۔ گوسوامی نے اس تہوار کی روایت کو دوآپر یگ سے جوڑتے ہوئے کہا کہ مانا جاتا ہے کہ رادھا نے سب سے پہلے بھگوان کرشن کے گالوں پر رنگ لگایا تھا، جو برج میں ہولی کی روایت کی ابتدا کی علامت ہے۔
ایکادشی کی رسم کے بعد بھگوان کو پرساد کے طور پر گجیا اور جلیبی پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا، ’’بانکے بہاری نے اس موقع پر سفید لباس پہنا ہے اور دھولنڈی تک ایسا ہی کریں گے، جب وہ گلابی لباس دھارن کریں گے۔ صبح اور شام دونوں پہر کے درشن کے دوران ہولی اتسو منایا جائے گا۔‘‘
مؤرخ پرہلاد بلبھ گوسوامی نے کہا کہ برج میں ’ہولی رسیا‘ گانے کی روایت کی ایک طویل تاریخ ہے، جس میں ہندو اور مسلم دونوں شاعروں نے تخلیقات پیش کی ہیں۔ صبح سے ہی ’آج برج میں ہولی رے رسیا‘ جیسے بھجن نہ صرف مندروں بلکہ ورنداون کی تنگ گلیوں میں بھی گونجتے رہے۔
بانکے بہاری مندر کے ایک اور سیوایت اننت گوسوامی نے کہا کہ سوامی ہری داس بھگوان کی پوجا کے دوران بھکتی چھند گایا کرتے تھے اور یہ روایت آج بھی جاری ہے۔ عقیدت مندوں نے بھگوان کے ساتھ پھولوں کی ہولی بھی کھیلی، جبکہ آنے والے دنوں میں لڈو ہولی اور جلیبی ہولی کا پروگرام ہے۔ مندر کے سیوایت ششانک گوسوامی نے کہا کہ بھاری بھیڑ کے باوجود بھکتوں نے اپنے محبوب دیوتا کے ساتھ ہولی کھیلتے ہوئے زبردست جوش و خروش دکھایا۔
تاہم انہوں نے آمد و رفت سے متعلق انتظامی پابندیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بزرگ شہریوں، خواتین اور مقامی باشندوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مندر کے پجاری کرشن بلبھ گوسوامی نے بتایا کہ رادھا دامودر مندر میں 200 سے زائد غیر ملکی بھکتوں نے گزشتہ شام کے درشن کے دوران شروع ہونے والے اتسو میں شرکت کی۔ دیوتاؤں نے بسنتی (پیلا) لباس پہن کر چاندی کی پچکاری سے ہولی کھیلی اور بھکتوں میں پرساد تقسیم کیا گیا۔
رادھا بلبھ مندر کے سُکراتی لال گوسوامی نے کہا کہ شام کے ہولی سماروہ کے لیے بھکتوں کو مدعو کرنے کے واسطے ڈھول اور نگاڑوں کے ساتھ ایک شوبھا یاترا ورنداون کے اہم علاقوں سے گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن مندر کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ دیوتا کے الٰہی وِواہ کا جشن مناتا ہے۔ ممتاز سنت سوامی اوشیشانند نے کہا کہ برج میں ہولی کے موقع پر بھکت بھگوان کرشن اور رادھا کی بھکتی میں گاتے اور ناچتے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ چندر پرکاش سنگھ نے کہا کہ افسران کو نقصان دہ اور کیمیکل پر مبنی رنگوں کے استعمال کی جانچ کے احکامات دیے گئے ہیں۔ پریکرمہ مارگ پر پولیس، فائر بریگیڈ، بجلی اور محکمہ صحت کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور ڈیوٹی پر موجود افسران کو بھکتوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شلوک کمار نے کہا کہ پولیس کو سخت نگرانی رکھنے اور شرپسند عناصر، خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کے ساتھ بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران افواہوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے اسپتالوں، پارکنگ سہولیات، پولیس امدادی مراکز اور صحت کیمپوں کی معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک کیو آر کوڈ نظام تیار کیا گیا ہے۔