سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ: قبائلی خاتون کو وراثت میں برابر کا حق حاصل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2025
سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ: قبائلی خاتون کو وراثت میں برابر کا حق حاصل
سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ: قبائلی خاتون کو وراثت میں برابر کا حق حاصل

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں کہا ہے کہ قبائلی خاتون اپنے پیتریک (آبائی) جائیداد میں برابر کی حصے دار ہے۔ جائیداد کی تقسیم سے متعلق ایک اپیل پر سماعت کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے واضح کیا کہ خاتون وارث کو جائیداد میں حق سے محروم کرنا صنفی تفریق اور امتیاز کو فروغ دیتا ہے، جسے قانون کے ذریعے ختم کیا جانا چاہیے۔

یہ اپیل ایک منسوبہ قبائلی (Scheduled Tribe) خاتون کے بچوں کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں انہوں نے اپنے نانا کی جائیداد میں حصہ داری کا مطالبہ کیا تھا۔ ابتدائی عدالت (ٹرائل کورٹ) اور پہلی اپیل عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

سپریم کورٹ کی دو رکنی بینچ، جس میں جسٹس سنجے کیرول اور جسٹس جوی مالیا باگچی شامل تھے، نے کہا کہ جیسے قانون وقت کے ساتھ ترقی کرتا ہے، ویسے ہی رسوم و رواج کو بھی وقت کے ساتھ بدلنا چاہیے۔ عدالت نے مزید کہا کہ کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ دوسرے فرد کو وراثتی حق سے محروم کرنے کے لیے رسوم و رواج کا سہارا لے۔ انصاف، مساوات اور اجتماعی فہم و شعور جیسے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالتوں کو اپنے فیصلے دینے چاہییں۔

عدالت نے کہا کہ اگر ماتحت عدالتوں کے فیصلوں کو برقرار رکھا گیا تو اس خاتون اور اس کے بچوں کو وراثت کے مثبت دعوے کی کمی کی بنیاد پر جائیداد سے محروم کر دیا جائے گا، جو کہ انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ معاملہ آئین کے آرٹیکل 14 (قانون کی نظر میں مساوات) کی بھی خلاف ورزی ہے، کیونکہ یہ تاثر دیا گیا کہ صرف مرد ہی اپنے آبا و اجداد کی جائیداد کے وارث ہو سکتے ہیں، خواتین نہیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ آئین کا آرٹیکل 15(1) کہتا ہے کہ ریاست کسی بھی فرد کے ساتھ مذہب، نسل، ذات، جنس یا جائے پیدائش کی بنیاد پر امتیاز نہیں برتے گی۔ اسی طرح آئین کی دفعات 38 اور 46 اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ خواتین کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیاز نہ ہو۔ عدالت نے ان تمام آئینی نکات کا حوالہ دے کر کہا کہ خاتون درخواست گزار قانونی وارث ہونے کے ناطے جائیداد میں برابر کی حصے دار ہے۔

اس سے قبل، ٹرائل کورٹ نے درخواست یہ کہتے ہوئے خارج کر دی تھی کہ چونکہ خاتون کا تعلق منسوبہ قبائلی طبقے سے ہے، اس لیے اسے اپنے والد کی جائیداد میں کوئی حق نہیں۔ عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ درخواست میں ایسا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا جو یہ ثابت کرے کہ خاتون کے بچے بھی جائیداد کے حق دار ہیں۔ یہ فیصلہ نہ صرف قبائلی خواتین کے لیے ایک نئی قانونی مثال قائم کرتا ہے بلکہ اس بات کو بھی واضح کرتا ہے کہ آئینی مساوات ہر شہری کا حق ہے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی ذات، طبقے یا قبیلے سے ہو۔