ہندو تو ’انفلوئنسر‘ سوتنتر بھاردواج ایک روزہ پولیس حراست میں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2026
ہندو تو ’انفلوئنسر‘ سوتنتر بھاردواج ایک روزہ پولیس حراست میں
ہندو تو ’انفلوئنسر‘ سوتنتر بھاردواج ایک روزہ پولیس حراست میں

 



نئی دہلی: دارالحکومت دہلی کی ایک عدالت نے ہندو تو ’انفلوئنسر‘ سوتنتر بھاردواج کو ہفتے کے روز ایک دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔ بھاردواج کو جولائی میں جنتر منتر پر ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (کاجپا) کے احتجاج کے دوران ایک نابالغ کارکن کے والد پر مبینہ حملے کے سلسلے میں جمعہ کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اس سے چند گھنٹے قبل ہی کاجپا نے مبینہ حملے کے معاملے میں ان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ مارگ تھانے کے باہر احتجاج کیا تھا۔

دہلی پولیس نے جمعہ کو بھاردواج کے خلاف درج ایف آئی آر میں درج فہرست ذات/درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ اور مجرمانہ دھمکی سے متعلق دفعات شامل کی تھیں۔ بھاردواج کے خلاف بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ (پاکسو) قانون کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بھاردواج کے ایک انٹرویو کی ویڈیو کلپ بھی سامنے آئی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 20 جولائی کے احتجاج کے دوران انہوں نے نابالغ کارکن کے والد کا ’’سر پھوڑ دیا تھا‘‘۔

ویڈیو میں بھاردواج کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ’’...کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس جرم میں کون سی دفعہ لگتی ہے؟ دفعہ 307۔ اسے 60 ٹانکے لگے تھے۔‘‘ دہلی پولیس نے اس سے قبل کہا تھا کہ متاثرہ شخص کو آنے والی چوٹیں ’’معمولی نوعیت‘‘ کی تھیں۔ تاہم، بعد میں ایک پوڈکاسٹ میں بھاردواج نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے یہ قدم اپنے دفاع میں اٹھایا تھا۔