ہماچل پردیش: بارش سے تباہی، 260 سڑکیں بند

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-07-2025
ہماچل پردیش: بارش سے تباہی، 260 سڑکیں بند
ہماچل پردیش: بارش سے تباہی، 260 سڑکیں بند

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہماچل پردیش میں گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید بارش کے سبب 260 سے زائد سڑکیں بند ہو چکی ہیں، جن میں سے صرف منڈی ضلع میں ہی 176 سڑکیں بند ہیں۔ حکام نے ہفتے کے روز اس کی اطلاع دی۔
مقامی محکمہ موسمیات نے اتوار کے لیے کنگڑا، سیریمور اور منڈی اضلاع کے کچھ علاقوں میں شدید بارش کے خدشے کے پیش نظر ’ریڈ الرٹ‘ جاری کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ، اُونا، بلاسپور، ہمیر پور، چمبا، سولن، شملہ اور کلّو اضلاع کے کچھ حصوں میں بھاری سے انتہائی بھاری بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر ’اورنج الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔
ایک دن میں 115.6 ملی میٹر سے 204.4 ملی میٹر تک کی بارش کو ’’انتہائی بھاری بارش‘‘ کی کیٹیگری میں رکھا جاتا ہے، جبکہ 204.4 ملی میٹر سے زیادہ بارش ’’انتہائی شدید بارش‘‘ مانی جاتی ہے۔ گزشتہ سال شدید مانسون بارش نے ریاست میں زبردست تباہی مچائی تھی، جس میں 550 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
محکمہ موسمیات نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈ، اچانک سیلاب، پانی جمع ہونے، کمزور عمارتوں، فصلوں اور ضروری خدمات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ساتھ ہی لوگوں کو ندی نالوں سے دور رہنے اور حساس علاقوں میں نہ جانے کی بھی سخت ہدایت دی گئی ہے۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ایس ای او سی) کے مطابق اب تک تقریباً 541 کروڑ روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ تاہم، وزیرِ اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو کا کہنا ہے کہ اصل نقصان تقریباً 700 کروڑ روپے تک پہنچ سکتا ہے کیونکہ اعداد و شمار اب بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔
ایس ای او سی کے مطابق بارش کے باعث تقریباً 300 ٹرانسفارمرز اور 281 پینے کے پانی کی اسکیمیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ریاست کے کئی علاقوں میں جمعے کی شام سے ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ جوگیندر نگر میں سب سے زیادہ 52 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ ناہن اور پالم پور میں 28.8 ملی میٹر، پاؤنٹا صاحب میں 21 ملی میٹر، اُونا میں 18 ملی میٹر، برتھین میں 17.4 ملی میٹر، کنگڑا میں 15.6 ملی میٹر اور نینا دیوی میں 12.6 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
ریاست میں مانسون کا آغاز 20 جون سے ہوا تھا اور تب سے اب تک مجموعی طور پر 72 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 45 اموات بادل پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈ جیسی بارش سے متعلقہ واقعات کی وجہ سے ہوئیں۔
منڈی ضلع سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں منگل کے روز بادل پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈ کے 10 واقعات پیش آئے، جن میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔ ان واقعات کے بعد اب بھی 31 افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو مہم جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں ہفتے، پیر اور منگل کے دن بھاری سے بہت بھاری بارش کے خدشے کے تحت ’اورنج الرٹ‘ جاری کیا ہے۔