منڈی (ہماچل پردیش): ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں بارش نے ایک بار پھر تباہی مچا دی ہے۔ اوٹ تحصیل کے کچھ علاقوں میں گزشتہ رات اور آج صبح ہونے والی شدید بارش کے باعث فلیش فلڈ (اچانک سیلاب) کی متعدد وارداتیں سامنے آئی ہیں۔
فلیش فلڈ کی سب سے زیادہ تباہ کاری پنارسا، ٹکولی اور ناگواں علاقوں میں دیکھی گئی، جہاں اوپر پہاڑوں پر بھاری بارش کے بعد پانی کے ساتھ بہت سا ملبہ بہہ کر نیچے آیا، جس سے گھروں میں پانی اور ملبہ داخل ہو گیا، اور کئی گاڑیاں بھی اس کی زد میں آ گئیں۔
ملبہ گرنے کے سبب چنڈ ی گڑھ-منالی نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔ دیگر مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ (زمین کھسکنے) کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں، جس کی وجہ سے ہائی وے پر سفر مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔ انتظامیہ نے فوراً موقع پر پہنچ کر ریلیف اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اوٹ تحصیل کے تحت سارانالہ کے قریب فورلین (چار رویہ سڑک) کی تعمیر میں مصروف ایف کونز کمپنی کے دفتر کے پاس بہنے والے نالے نے بھی خطرناک شکل اختیار کر لی، جس سے دفتر کی سیکیورٹی دیوار مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
نالے کا پانی دفتر کے اندر داخل ہو گیا، جس پر وہاں موجود ملازمین نے دوڑ کر جان بچائی۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ مالی نقصان کافی زیادہ ہوا ہے۔ منڈی کے اے ایس پی، سچن ہیرے متھ نے بتایا کہ: چنڈ ی گڑھ-منالی نیشنل ہائی وے کے منڈی-کلّو سیکشن میں پنارسا، ٹکولی اور ناگواں علاقوں میں اچانک سیلاب کی متعدد وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
ہائی وے پر کئی مقامات پر رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ تاہم، ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، اور دیگر ایجنسیاں صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔