ہماچل پردیش میں سیلاب سے بڑا نقصان ،وزیر اعلیٰ نے مانگی مرکز سے مدد

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-07-2025
ہماچل پردیش میں سیلاب سے بڑا نقصان ،وزیر اعلیٰ نے مانگی مرکز سے مدد
ہماچل پردیش میں سیلاب سے بڑا نقصان ،وزیر اعلیٰ نے مانگی مرکز سے مدد

 



شملہ: ہماچل پردیش میں صورتحال اب تک معمول پر نہیں آ سکی ہے۔ جمعہ، 11 جولائی کو وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھّو نے کہا کہ ریاست کو مانسون کے آغاز میں ہی 800 کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ کئی مکانات بہہ گئے ہیں اور لوگ بے زمین ہو چکے ہیں۔

ریاستی حکومت راحت اور بچاؤ کے کاموں میں جنگی سطح پر مصروف ہے، لیکن جن لوگوں کی زمین تباہ ہو گئی ہے، ان کو جنگلاتی زمین دینے کے لیے مرکز کی مدد درکار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہماچل کے چار بی جے پی اراکینِ پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ دہلی چلیں اور بے زمین لوگوں کے لیے جنگلاتی زمین دلوانے کی مرکز سے سفارش کریں۔

وزیر اعلیٰ سکھّو نے بتایا کہ 2023 میں بھی قدرتی آفات کی وجہ سے ریاست کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا، لیکن تب بھی مرکز سے کوئی خصوصی امدادی پیکج نہیں ملا۔ اب بی جے پی کے اراکین پارلیمنٹ سے گزارش ہے کہ وہ ان کے ساتھ دہلی جا کر مرکز سے مدد مانگیں، اور اگر اکیلے بھی جانا چاہیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔ بس مقصد یہ ہے کہ ریاست کو مالی امداد ملنی چاہیے۔

سکھویندر سنگھ سکھّو نے کہا کہ وہ سیاست کرنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں نہیں جا رہے، بلکہ عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے جا رہے ہیں۔ عوام خود کہہ رہے ہیں کہ حکومت نے بہتر کام کیا ہے۔ سڑکیں کھولی جا رہی ہیں، متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ آئندہ ہماچل کی کابینہ میٹنگ میں قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کی تجویز پیش کی جائے گی۔

ہر اجڑا ہوا گھر بسایا جائے گا اور ہر نقصان کی بھرپائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پچھلی آفت کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ ندیوں اور نالوں سے کم از کم 10 میٹر دور مکان بنائے جائیں، لیکن اب اس فاصلہ کو بڑھا کر 50 سے 100 میٹر تک کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

حالیہ آفات میں ریاست میں اب بھی 34 افراد لاپتہ ہیں۔ تمام ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان افراد کے موت کے سرٹیفیکیٹ بنوائیں تاکہ ان کے اہل خانہ کو معاوضہ حاصل کرنے میں پریشانی نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ سکھّو نے بتایا کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ نے عوام کے لیے نئی سہولت کا آغاز کیا ہے۔

اب لوگوں کو اپنی زمین کی رجسٹری کرانے کے لیے صرف ایک بار دفتر جانا ہوگا۔ وہ کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ اس سے ان کا وقت اور محنت بچے گی۔ اسی مقصد کے تحت آج وزیر اعلیٰ نے 'مائی ڈیڈ' (My Deed) این جی ڈی آر ایس (قومی دستاویز رجسٹریشن نظام) پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز بھی کیا۔