ہماچل: دلت طالبہ کی موت کے معاملے میں تحقیقاتی کمیٹی قائم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-01-2026
ہماچل: دلت طالبہ کی موت کے معاملے میں تحقیقاتی کمیٹی قائم
ہماچل: دلت طالبہ کی موت کے معاملے میں تحقیقاتی کمیٹی قائم

 



شملہ (ہماچل پردیش): ہماچل پردیش حکومت نے مبینہ طور پر ریگنگ کے سبب 19 سالہ دلت طالبہ کی موت کے معاملے میں بڑھتے عوامی غصے کے پیشِ نظر ہفتہ کے روز ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ کمیٹی کالج میں ایک پروفیسر کی جانب سے مبینہ جنسی ہراسانی، ذات پر مبنی گالیوں اور واقعے سے جڑے تمام پہلوؤں کی جانچ کرے گی۔

وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے اس معاملے میں قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ادھر یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے بھی دھرم شالہ کے سرکاری ڈگری کالج میں طالبہ کی موت سے متعلق معاملے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی حقائق جانچ کمیٹی قائم کر دی ہے۔

اس سے قبل یو جی سی کی اینٹی ریگنگ ہیلپ لائن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر خود نوٹس لیتے ہوئے شکایت درج کی تھی۔ وزیر اعلیٰ سکھو نے کہا، "طالبہ کے ویڈیو بیان کی بنیاد پر ملزم پروفیسر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں طالبہ نے پروفیسر کا نام لیا تھا۔"

انہوں نے سولن ضلع کے کندھاگھاٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "پروفیسر کے خلاف باقاعدہ تفتیش شروع کی جائے گی اور اس واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔" طالبہ کی موت لدھیانہ کے ایک اسپتال میں علاج کے دوران ہوئی۔ طالبہ کے والد کی شکایت پر تین طلبہ کے خلاف ریگنگ کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جبکہ یکم جنوری کو پروفیسر کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔

محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر امرجیت شرما نے ہفتے کے روز بتایا کہ دھرم شالہ کے سرکاری کالج کی طالبہ کی موت سے متعلق ابتدائی جانچ اور حقائق معلوم کرنے کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس کی سربراہی اعلیٰ تعلیم کے اضافی ڈائریکٹر ہریش کمار کریں گے۔ اس کمیٹی میں دھلیارا، بیجناتھ اور ناؤرا کے سرکاری کالجوں کے پرنسپل بطور رکن شامل ہوں گے۔

شرما کے مطابق کمیٹی تمام پہلوؤں کی جانچ کر کے تین دن کے اندر جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ دوسری جانب یو جی سی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ کمیشن نے اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور قصورواروں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔

دہلی میں یو جی سی کے ایک افسر نے بتایا، "یو جی سی اینٹی ریگنگ ہیلپ لائن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر خود نوٹس لیتے ہوئے شکایت درج کی ہے، جن میں ریگنگ کے باعث خودکشی کا الزام لگایا گیا ہے، جبکہ کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ خودکشی نہیں بلکہ موت کا معاملہ ہے۔"

انہوں نے مزید کہا، "پولیس کی تفتیش جاری ہے اور یو جی سی نے اس واقعے کی جانچ کے لیے ایک حقائق جانچ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یو جی سی یقین دلاتا ہے کہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ طلبہ کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔" طالبہ کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ 18 ستمبر 2025 کو تین سینئر طلبہ نے ان کی بیٹی کو مارا پیٹا، جبکہ کالج کے ایک پروفیسر نے اس کے ساتھ نازیبا حرکتیں کیں۔

تاہم ملزم پروفیسر نے اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ کانگڑا پولیس نے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا کہ اس معاملے کی تفتیش دھرم شالہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کر رہے ہیں اور میڈیکل ریکارڈز، ویڈیو کلپس اور گواہوں کے بیانات سمیت تمام متعلقہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق، "معاملے کی غیر جانبدار اور گہرائی سے جانچ کو یقینی بنانے کے لیے متاثرہ طالبہ کے والد کا بیان عدالتی مجسٹریٹ کے سامنے درج کرانے کی بھی تجویز ہے۔" ادھر امبیڈکر مہاسبھا کے اراکین نے ہفتے کے روز دھرم شالہ میں احتجاج کرتے ہوئے متاثرہ طالبہ کے لیے انصاف اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل انڈیا امبیڈکر مہاسبھا کی ریاستی صدر اور سولہ اسمبلی حلقے سے ضلع پریشد رکن روپ ریکھا نے بتایا کہ انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کالج کیمپس میں طالبہ کے بال کاٹے گئے اور اس کے سر پر بوتل سے حملہ بھی کیا گیا۔ ہماچل پردیش درج فہرست ذات کمیشن نے بھی اس معاملے میں کانگڑا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔