حجاب تنازعہ: خواتین وفد کی مہاراشٹرکے گورنر سے ملاقات

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 19-02-2022
 حجاب تنازعہ: خواتین وفد کی مہاراشٹرکے گورنر سے ملاقات
حجاب تنازعہ: خواتین وفد کی مہاراشٹرکے گورنر سے ملاقات

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

ریاست کرناٹک کے اُڈپی میں باحجاب طالبات کو کالج میں داخل ہونے سے اچانک روکنے کے بعد ایک طرف پوری ریاست میں حکومت کرناٹک نے باحجاب خواتین کے لئے کالج کے دروازے بند کردئے ہیں جس کے تعلق سے کرناٹک ہائی کورٹ میں بھی معاملہ زیر سماعت ہے ، وہیں اس معاملے کو لے کر پڑوسی ریاستوں سمیت پورے ملک میں حجاب کو لے کر بے چینی پائی جارہی ہے۔

اس ضمن میں ممبئی میں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ کی قیادت میں خواتین کے ایک وفد نے مہاراشٹرا کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی اور حجاب کے متعلق اسلامی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی ضرورت اور اہمیت کو واضح کیا۔

اس موقع پر گورنر کوشیاری نے سماج وادی پارٹی کے خواتین وفد کو یقین دلایا کہ وہ مہاراشٹر ا میں حجاب کے خلاف کوئی بھی ایسا قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب لگے۔ بھگت سنگھ کوشیاری نے کہا کہ خواتین ریاست میں آزادانہ طور پر حجاب پہن کر گھوم سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ کرناٹک میں طالبات پر حجاب پہن کر آنے پر پابندی عائد کرنے کے خلاف سماج وادی پارٹی کی جانب سے گزشتہ دنوں ممبئی اور بھیونڈی میں پرامن دستخطی مہم چلائی گئی تھی، اس مہم سے حاصل دس ہزار خواتین کے دستخط شدہ میمورنڈم کو گورنر کے حوالے کیا گیا۔

کرناٹک میں حجاب کے معاملے کو لے کر جگہ جگہ احتجاجات بھی ہو رہے ہیں۔ اس درمیان مہاراشٹر پولیس نے ریاست میں نظم و نسق کی صورت حال کے پیش نظر ممبئی اور مہاراشٹر کے بیشتر اضلاع میں احتجاج کی اجازت کو منسوخ بھی کیا ہے۔

سماج وادی پارٹی کی رہنما عائشہ انصاری، غزالہ انصاری، آفرین خان اور عارفہ انصاری نے وفد کی جانب سے گورنر کوشیاری سے بات چیت کی اور انہیں مذہب اسلام میں حجاب کی اہمیت اور ضرورت سے واقف کروایا۔

مذکورہ وفد کی بات سننے کے بعد گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حجاب کے خلاف کوئی بھی ایسا قانون نافذ نہیں ہونے دیں گے، جس سے خواتین کے حقوق پر ضرب پڑے۔

سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ گورنر نے وفد کو اس بات کا یقین دلایا کہ ریاست میں حجاب کے خلاف قانون نہیں بننے دیا جائے گا اور ریاست میں خواتین کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

وفد میں شامل آفرین خان نے کہا کہ حجاب کے معاملے کو لے کر ممبئی کی خواتین میں کافی بے چینی اور غم و غصہ تھا، گزشتہ دنوں ممبئی کے مدن پورہ اور بھیونڈی میں سماج وادی پارٹی کی جانب سے دستخطی مہم بھی رکھی گئی تھی۔

گورنر کی یقین دہانی ریاست کی باحجاب خواتین کے لئے حوصلہ افزاء ہے۔ وفد میں شامل عارفہ انصاری نے کہا کہ کچھ روز پہلے ممبئی کے ایک کالج کے پراسپیکٹس میں حجاب پہن کر کیمپس میں نہ آنے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کی وجہ سے مسلم طالبات میں بے چینی پائی جا رہی تھی، اس درمیان ریاست کے گورنر کوشیاری کی یقین دہانی باعث سکون ہے۔