منگلورو یونیورسٹی کے کلاس رومز میں حجاب پر پابندی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 28-05-2022
منگلورو یونیورسٹی کے کلاس رومز میں حجاب پر پابندی
منگلورو یونیورسٹی کے کلاس رومز میں حجاب پر پابندی

 

 

بنگلورو: منگلور یونیورسٹی، جس نے پہلے یونیفارم کے رنگ سے مماثل ہیڈ سکارف کی اجازت دی تھی، اب فیصلہ کیا ہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ کا حکم جو کہ یونیورسٹی سے پہلے کے کالجوں میں حجاب پر پابندی کو برقرار رکھتا ہے، ڈگری کالجوں پر بھی لاگو ہوگا۔

مذہبی لباس کے ساتھ کلاس رومز کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ واضح ہوکہ کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب کا معاملہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔

ہائی کورٹ کی جانب سے اس معاملے میں فیصلہ سنانے کے بعد بھی مسلم طالبات اسے ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ منگلور یونیورسٹی نے جمعرات کو ہائی کورٹ کے حکم پر ایک نوٹیفکیشن جاری کیا اور کسی بھی مذہبی لباس کو پہننے پر پابندی لگا دی۔ لیکن اس کے باوجود طالبات نے اس معاملے پر وائس چانسلر سے لے کر ضلع کلکٹرتک سے ملاقات کی۔

ان طالبات کا کہنا ہے کہ وہ ڈگری کالج کی طالبات ہیں اور اس حکم کو یونیورسٹی میں نافذ نہیں کیا جا سکتا۔ اس سے قبل ایک یونیورسٹی کالج میں مسلم لڑکیوں کو کالج ڈریس کے دوپٹہ سے سر ڈھانپنے کی اجازت تھی۔ تو ساتھ ہی مسلم لڑکیوں کا کہنا ہے کہ سال کے وسط میں اس طرح کا فیصلہ درست نہیں ہے۔

حجاب پہننے اور نہ پہننے دونوں کو لے کر کالج میں احتجاج کیا گیا۔ ایک طرف مسلم لڑکیاں اپنی شکایات لے کر وائس چانسلر اور ضلع کلکٹر کے پاس پہنچیں، وہیں اے بی وی پی نے حجاب پر مکمل پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔

اے بی وی پی کی حمایت یافتہ طلبہ تنظیموں نے احتجاج کیا اور مسلم طالبات کے مسلسل حجاب پہن کر کالج آنے پر غصہ ظاہر کیا۔ ان طالبات کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی مسلم لڑکیاں حجاب پہن کر کالج آ رہی ہیں اور کالج انتظامیہ اس پر کوئی اعتراض ظاہر نہیں کر رہی ہے۔

اس سے ناراض طلباء نے اعلان کیا کہ اگر یہ کاروائی بند نہ کی گئی تو ہم بھی بھگواپگڑی پہن کر کالج میں احتجاج درج کرائیں گے۔ کرناٹک میں حجاب کے خلاف مظاہرے اس سال جنوری-فروری میں ہوئے۔

ریاست کے اُڈپی ضلع کے ایک گورنمنٹ گرلز کالج کی کچھ طالبات نے الزام لگایا کہ انہیں حجاب پہننے کی وجہ سے کلاسز میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔

احتجاج کے دوران، کچھ طالب علموں نے دعوی کیا کہ انہیں حجاب پہننے کی وجہ سے کالج میں داخلہ دینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔

کرناٹک کے حجاب کا احتجاج جلد ہی دوسری ریاستوں میں پھیل گیا اور معاملہ ہائی کورٹ میں چلا گیا۔ کرناٹک ہائی کورٹ کی فل بنچ نے مسلمانوں کی طرف سے دائر درخواستوں کو خارج کر دیا۔ اڈوپی کے پری یونیورسٹی کالجوں میں پڑھنے والی لڑکیاں کلاسوں میں حجاب پہننے کے حق کا مطالبہ کر رہی ہیں۔