‘ ممبئی (مہاراشٹر): اداکار رتیش دیشمکھ کی فلم ’راجا شیواجی‘ نے باکس آفس پر فلم ’سیرات‘ کے لائف ٹائم کلیکشن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی مراٹھی فلم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ فلم کے میکرز نے یکم مئی کو ریلیز کے بعد اس کا عالمی باکس آفس کلیکشن شیئر کیا، جو 114.8 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔
جیو اسٹوڈیوز کے مطابق دو ہفتوں اور تیسرے ویک اینڈ کے بعد فلم نے بھارت میں 109.9 کروڑ روپے جبکہ بیرونِ ملک 4.9 کروڑ روپے کی کمائی کی۔ جیو اسٹوڈیوز نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر فلم کے کلیکشن کا اعلان کرتے ہوئے ’راجا شیواجی‘ کو “اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی مراٹھی فلم” قرار دیا۔
رتیش دیشمکھ کی اس تاریخی اور بڑے بجٹ کی فلم نے باکس آفس پر شاندار آغاز کیا تھا اور پہلے ویک اینڈ میں 23.90 کروڑ روپے کی کمائی کر کے مراٹھی سنیما کے کئی ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش کے مطابق یکم مئی کو ریلیز ہونے والی یہ فلم کسی بھی مراٹھی فلم کی اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ دینے والی فلم بن گئی۔ مہاراشٹر ڈے کی تعطیل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فلم نے پہلے دن 12.40 کروڑ روپے جبکہ ہفتہ کے روز 11.50 کروڑ روپے کمائے۔
فلم میں سنجے دت، ابھیشیک بچن، ودیا بالن، بھاگیہ شری اور جنیلیا دیشمکھ سمیت کئی بڑے اداکار اہم کرداروں میں نظر آئے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری خود رتیش دیشمکھ نے کی ہے۔ اس کے علاوہ مہیش مانجریکر، سچن کھیڈیکر، فردین خان، جتیندر جوشی اور امول گپتے بھی فلم کا حصہ ہیں، جبکہ سلمان خان کی خصوصی جھلک کو شائقین کی جانب سے زبردست ردِعمل ملا۔
خاص بات یہ ہے کہ اس فلم کے ذریعے رتیش اور جنیلیا کے بیٹے راہل نے بھی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔ تکنیکی اعتبار سے بھی فلم کو بڑے پیمانے اور شاندار پیشکش کے لیے سراہا جا رہا ہے۔ سنتوش سیون کی سینماٹوگرافی اور اجے-اتُل کی موسیقی نے فلم کی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔