مغربی بنگال میں یکساں سول کوڈ پر اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 11-07-2026
مغربی بنگال میں یکساں سول کوڈ پر اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم
مغربی بنگال میں یکساں سول کوڈ پر اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

 



کولکاتا: مغربی بنگال حکومت نے ریاست میں یکساں سول کوڈ (یونیفارم سول کوڈ - یو سی سی) کے مجوزہ مسودے کا جائزہ لینے کے لیے سپریم کورٹ کی سابق جج جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

جمعہ کو جاری سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق مجوزہ قانون کے وسیع اثرات اور اس کی تفصیلی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی اقدام سے پہلے کمیٹی مجوزہ بل کا جامع جائزہ لے گی۔ ریاستی حکومت کے مطابق یہ مسودہ اس مقصد سے تیار کیا گیا ہے کہ مذہب، عقیدے یا برادری سے قطع نظر ریاست کے تمام شہریوں کے ذاتی سول معاملات کے لیے ایک جامع قانونی فریم ورک قائم کیا جا سکے۔

مجوزہ قانون میں شادی، طلاق، بغیر وصیت وراثت (Intestate Succession) اور وصیت کے ذریعے وراثت (Testamentary Succession) سے متعلق امور شامل کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹائرڈ جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کمیٹی کی سربراہی کریں گی۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں میگھالیہ کے سابق گورنر تتھاگت رائے، ریاست کے ریزیڈنٹ کمشنر دشیانت ناریالہ، ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر شتروگھن سنگھ، محکمہ داخلہ و پہاڑی امور کی پرنسپل سیکریٹری سنگھمیترا گھوش، ماہر تعلیم ڈاکٹر رتنا بھٹاچاریہ، گور بنگا یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر گوپال چندر مشرا، وکیل عثمان غنی ملک اور سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر نرمالیہ بھٹاچاریہ شامل ہیں۔

یہ کمیٹی ریاستی کابینہ کے 2 جولائی کو ہونے والے اجلاس میں لیے گئے فیصلے کے بعد تشکیل دی گئی ہے۔ ایک سینئر سرکاری افسر نے بتایا کہ مجوزہ بل کے دور رس اثرات اور اس کی وسعت کے پیش نظر اس کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ ایک دوسرے سینئر افسر کے مطابق کمیٹی مسودے کا باریک بینی سے مطالعہ کرے گی اور مجوزہ قانون پر کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام آئینِ ہند کے آرٹیکل 44 کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس کے تحت ریاست کو شہریوں کے لیے یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ 2014 کے بعد اتراکھنڈ، گجرات اور آسام یکساں سول کوڈ نافذ کر چکے ہیں، جبکہ مغربی بنگال ایسا کرنے والی چوتھی ریاست بننے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔

مجوزہ یو سی سی بل کا مقصد شادی، طلاق، وراثت اور گود لینے جیسے سول معاملات میں تمام برادریوں کے لیے یکساں قوانین نافذ کرنا ہے۔ اس بل کی کئی بنیادی دفعات اتراکھنڈ اور آسام کے ماڈل سے مماثلت رکھتی ہیں۔ واضح رہے کہ 2026 کے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں یکساں سول کوڈ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اہم انتخابی وعدوں میں شامل تھا، اور پارٹی نے ترنمول کانگریس کی 15 سالہ حکومت کا خاتمہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا۔