پریاگ راج:الہ آباد ہائی کورٹ نے سابق رکن پارلیمنٹ اُوما کانت یادو کی جونپور کی ٹرائل کورٹ سے ہوئی سزا اور قصوروار ٹھہرائے جانے کے حکم پر روک لگا دی ہے۔ یہ مقدمہ قتل، قتل کی کوشش اور آتش زنی سے متعلق ہے۔ یہ حکم اُوما کانت یادو کی جانب سے دائر کی گئی فوجداری اپیل پر سنایا گیا۔
اپیل میں سابق ایم پی نے 1995 کے قتل اور دیگر دو الزامات کے کیس میں سنائی گئی سزا کو چیلنج کیا تھا۔ یہ فیصلہ جسٹس سدھارتھ اور جسٹس سنتوش رائے پر مشتمل ڈویژن بنچ نے بدھ کے روز دیا۔ سماعت کے دوران یادو کے وکیل نے کہا کہ وہ ایک سیاسی شخصیت ہیں اور آئندہ انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر بھی انحصار کیا، خصوصاً نوجوت سنگھ سدھو بنام ریاست پنجاب کیس اور 2007 کا لوک پرہری بنام الیکشن کمیشن آف انڈیا کیس۔ وکیل نے کہا کہ اپیل کنندہ بھی ان سیاست دانوں کے مقدمات میں دیے گئے فیصلوں سے فائدہ اٹھانے کا حقدار ہے جن کی سزا کو سپریم کورٹ نے اس لیے معطل کیا تھا کہ وہ انتخاب لڑ سکیں۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اپیل کنندہ 2004 سے 2009 تک رکن پارلیمنٹ رہے اور اس سے پہلے 1991-1993، 1993-1996 اور 1996-2002 تک رکن اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔ ریاستی حکومت کے وکیل نے ان دلائل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جرم کی سنگینی کے پیش نظر یادو کو 13 اگست 2025 کو دی گئی ضمانت کے علاوہ کسی اور ریلیف کا حقدار نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
یاد رہے کہ 2022 میں جونپور کی ایک سیشن عدالت نے 27 سال پرانے کیس میں، جو جی آر پی کے ایک کانسٹیبل کے قتل اور دیگر تین افراد کے قتل کی کوشش سے متعلق تھا، اُما کانت یادو سمیت سات افراد کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
فروری 1995 میں یادو اور ان کے حامیوں پر الزام لگا تھا کہ انہوں نے اپنے ڈرائیور راجکمار یادو کو چھڑانے کے لیے شاہ گنج جی آر پی لاک اپ میں اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس واقعے میں جی آر پی کانسٹیبل اجے سنگھ ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ ان کے ساتھی لالّن سنگھ، ریلوے ملازم نرمل اور ایک مسافر بھارت لال شدید زخمی ہوئے تھے۔
اس سلسلے میں سابق ایم پی کے خلاف شاہ گنج تھانہ ضلع جونپور میں فوجداری مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت نے اُما کانت یادو اور دیگر چھ افراد کو قصوروار قرار دیا۔ انہیں تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) کے تحت عمر قید، دفعہ 307 (قتل کی کوشش) کے تحت 10 سال قید اور دیگر دفعات کے تحت بھی سزائیں دی گئی تھیں۔ اس سال اگست میں عدالت نے انہیں ضمانت دے دی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے موجودہ درخواست دائر کی تھی کہ سزا پر روک لگائی جائے۔