دہلی : کئی حصوں میں موسلادھار بارش

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-08-2025
دہلی : کئی حصوں میں موسلادھار بارش
دہلی : کئی حصوں میں موسلادھار بارش

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
قومی دارالحکومت میں بدھ کو کئی مقامات پر بارش ہوئی اور ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دن میں مزید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی کے تمام 11 اضلاع میں آج صبح بارش ریکارڈ کی گئی۔
آئی ایم ڈی نے ٹریفک میں رکاوٹ، سڑکوں پر پھسلن، باغات، باغبانی اور کھڑی فصلوں کو ممکنہ نقصان کے علاوہ کچے گھروں، دیواروں اور جھونپڑیوں سمیت کمزور ڈھانچوں کو جزوی نقصان پہنچنے کی بھی وارننگ دی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ ٹریفک سے متعلق مشوروں پر عمل کریں، جہاں تک ممکن ہو گھروں کے اندر رہیں، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں، درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں اور آبی ذخائر و برقی تنصیبات سے دور رہیں۔
آئی ایم ڈی نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ کھلی ہوئی برقی تاروں کو نہ چھوئیں اور نہ ہی کھمبوں کے قریب کھڑے ہوں، اور شدید بارش کی صورت میں فوراً محفوظ مقامات پر چلے جائیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 24.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو اس موسم کے اوسط درجہ حرارت سے 1.9 ڈگری کم ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 33 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔
دہلی میں صبح ساڑھے آٹھ بجے نسبتی نمی کی سطح 92 فیصد رہی اور ہوا کے معیار کا اشاریہ 69 ریکارڈ کیا گیا جو اطمینان بخش زمرے میں آتا ہے۔