بنگلورو/ آواز دی وائس
کرناٹک کے کچھ حصوں میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے کرشنا ندی کے بیسن میں سیلاب کی سی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ دونوں اضلاع کی انتظامیہ نے ریلیف مراکز قائم کیے ہیں اور متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے۔
المٹی بند سے تقریباً ڈھائی لاکھ کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ کرشنا بھاگیہ جل نگم لمیٹڈ المٹی بند کے ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی شام 6 بجے پانی کا اوسط بہاؤ 1.6 لاکھ کیوسک تھا۔ کرشنا، گھٹپربھا اور مالاپربھا دریاؤں کا پانی بڑھ گیا ہے، جس سے عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ باگلکوٹ کے ڈسٹرکٹ کمشنر سنگپا نے بتایا کہ مدھول تعلقہ کے مرجی گاؤں میں بے گھر خاندانوں کے لیے ایک ریلیف سینٹر کھولا گیا ہے۔
کرشنا ندی سے پانی کا اخراج
راجاپور بیراج پر بدھ کی شام 5 بجے تک کرشنا ندی سے 1.4 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا جا چکا تھا۔ اس دوران نارائن پور بند میں آنے والے گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ کے بڑھ کر 2.6 لاکھ کیوسک ہونے کی توقع ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ مسلسل بارش سے علاقے کے 47 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
کرناٹک میں موسلادھار بارش
کرناٹک کے کئی حصوں میں بدھ کے روز بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا، سڑکوں کا رابطہ منقطع ہوا اور احتیاطی طور پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ اہم آبی ذخائر اپنی پوری صلاحیت کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
حکام کے مطابق دھارواڑ، گدگ، دواناگیری، ہوویری اور اتر کناڑ میں بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے مکانات اور کھیتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ احتیاط کے طور پر کچھ علاقوں میں لوگوں کو ریلیف مراکز میں منتقل کیا گیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ مہاراشٹر سے بھاری مقدار میں پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے کرشنا ندی کا پانی بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پور آبی ذخیرے سے 1.60 لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کے بعد شیل ہلی پل ڈوب گیا، جس سے سڑک کا رابطہ ٹوٹ گیا اور ندی کنارے آباد دیہات میں سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
ندی کنارے گاوں میں خطرہ
حکام نے بتایا کہ شیل ہلی-ہنچنال پل کے پانی میں ڈوب جانے سے کداراگڈڈی، یاریگوڈی اور ہنچنال سمیت ندی کنارے کے دیہات سے سڑک رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اب دیہاتیوں کو تعلقہ ہیڈکوارٹر پہنچنے کے لیے جلدرگ ہوتے ہوئے 45 کلومیٹر کا چکر لگانا پڑ رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور ابلتی کرشنا ندی میں داخل نہ ہونے کی ہدایت دی ہے، جو خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔
اس دوران، آئی ایم ڈی نے اگلے سات دنوں میں کرناٹک میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بدھ کو آئی ایم ڈی نے اڈوپی اور اتر کناڑ اضلاع میں ایک یا دو مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ جنوبی کناڑ کے بیشتر حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی توقع ہے۔