نئی دہلی: جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں جمعہ کے روز شدید بارش کے باعث بعض مقامات پر اچانک سیلاب آ گیا، جبکہ محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
حکام کے مطابق کشمیر کے بیشتر علاقوں میں رات بھر بارش ہوتی رہی، جو جمعہ کی صبح تک جاری رہی۔ بدگام، بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں خاصی بارش ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ شدید بارش کے باعث بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے بعض علاقوں میں اچانک سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ان کے مطابق بانڈی پورہ ضلع کے صدرکوٹ بالا علاقے میں شدید بارش کے نتیجے میں آنے والے اچانک سیلاب سے سڑکیں اور ایک سرکاری اسکول متاثر ہوا۔ مالپورہ، گنی محلہ میں واقع سرکاری پرائمری اسکول میں بارش کا گندا پانی داخل ہو گیا، جس سے کلاس رومز میں بچھی دریوں کو نقصان پہنچا اور اسکول انتظامیہ نے کلاسیں عارضی طور پر معطل کر دیں۔