جموں و کشمیر : موسلادھار بارش سے اچانك سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-08-2025
جموں و کشمیر : موسلادھار بارش سے اچانك  سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ
جموں و کشمیر : موسلادھار بارش سے اچانك سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ

 



جموں/  آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کے باعث کئی دریاؤں اور نالوں میں اچانک سیلاب آ گیا ہے، ساتھ ہی بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک میں رکاوٹ کی بھی اطلاع ملی ہے۔ یہ معلومات حکام نے فراہم کی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ بارش کے سبب کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، مغل روڈ بند ہو گیا ہے اور جموں سرینگر نیشنل ہائی وے پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جموں میں موسلا دھار بارش کے باعث بان ٹول پلازا کے قریب قومی شاہراہ کے ایک حصے پر پانی بھر گیا، جس سے ٹریفک معطل ہو گیا اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام کے مطابق نندنی سرنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک کچھ وقت کے لیے رکا، تاہم ملبہ ہٹانے کے بعد آمدورفت بحال کر دی گئی۔ چنانی علاقے میں بھی معمولی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں کے ڈوگرہ ہال علاقے میں بارش کے باعث ایک اسکول کی اوپری دیوار منہدم ہو گئی، لیکن خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
حکام نے ڈرائیوروں کو محتاط رہنے کے لیے کہا ہے کیونکہ کئی نچلے علاقوں میں پانی جمع ہے۔
مزید بتایا گیا کہ راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع کو وادیٔ کشمیر سے جوڑنے والی مغل روڈ پر پیر کی گلی کے قریب رتا چھام میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
شدید بارش کے سبب پونچھ میں دو اور راجوری کے بالائی علاقوں میں تین کچے مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ رامبن ضلع کے پانچ علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کو دیکھتے ہوئے حکام نے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ کشتواڑ ضلع کے خانپورہ علاقے کے مغل میدان کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے قومی شاہراہ پر ٹریفک مکمل طور پر رک گیا، جس کے بعد انتظامیہ ملبہ ہٹانے میں مصروف ہے۔
حکام نے بتایا کہ جموں، ریاسی، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں چناب، توی، اُجھ اور بسنتر سمیت دریاؤں اور نالوں میں تیز بہاؤ ہے، جس کی وجہ سے نچلے علاقوں اور بستیوں میں پانی بھر گیا ہے۔