کولکاتا: محکمۂ موسمیات نے بدھ کو کہا کہ جنوب مغربی مانسون کی سرگرمیوں کے باعث مغربی بنگال کے ساحلی اضلاع میں 24 جولائی تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق دارجلنگ، جلپائی گوڑی اور علی پور دوار سمیت شمالی اضلاع میں 26 سے 29 جولائی کے درمیان بھی شدید بارش متوقع ہے۔
جاری موسمی بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ اور پوربا مدنی پور کے ساحلی اضلاع میں 24 جولائی تک کہیں کہیں موسلادھار بارش ہوگی۔ سب ہمالیائی اضلاع، جہاں گزشتہ چند دنوں سے شدید بارش ہو رہی ہے، وہاں آئندہ چند روز کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بدھ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک پوربا مدنی پور ضلع کے ہلدیا میں ریاست کی سب سے زیادہ 79 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی دوران کانتھی میں 55 ملی میٹر، آسنسول میں 53 ملی میٹر، بانکورا میں 46 ملی میٹر اور علی پور دوار میں 34 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمۂ موسمیات نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ تین دنوں کے دوران کولکاتا میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے۔