گجرات میں موسلا دھار بارش ۔سیلابی حالات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-09-2021
پانی پانی ہے گجرات
پانی پانی ہے گجرات

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

شدید بارشں کی وجہ سے گجرات کے کئی شہروں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اس کا زیادہ اثر راجکوٹ اور جام نگر میں پڑا ہے۔ راجکوٹ میں بادل پھٹنے کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 انچ اور جام نگر میں 10 انچ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں 10 فٹ تک پانی بھر گیا ہے۔

جوناگڑھ میں بھی 6 انچ بارش ہوئی ہے۔جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں مکانات زیر آب آگئے ہیں۔ فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دیگر اضلاع سے بھی ٹیمیں طلب کی جا رہی ہیں۔ تین دیہات ایسے ہیں جہاں سیلاب نے سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے۔

اب تک 230 سے ​​زائد افراد کو بچایا گیا

جام نگر کے نشیبی علاقوں میں صورتحال ابتر ہو گئی ہے۔ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے چھتوں پر ڈیرے ڈال رہے ہیں۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم انہیں بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ شہر کے کالاواد میں 31 افراد کو بچایا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف ، پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے اب تک 230 سے ​​زائد افراد کو نکالا ہے۔

 وزیر اعلیٰ حلف اٹھانے سے پہلے ہی حرکت میں

ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے پیر کی سہ پہر اپنے عہدے کا حلف لیا۔ تاہم ، بھوپندر پٹیل حلف سے پہلے ہی حرکت میں آگئے۔ انہوں نے سیلاب کی صورتحال پر جام نگر انتظامیہ سے بات کی۔ اس کے ساتھ ہی پانی میں محصور لوگوں کو جلد سے جلد محفوظ مقام پر پہنچایا جائے۔