جے پور: محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتہ کو بتایا کہ وسطی ہندوستان پر موجود کم دباؤ کا نظام کمزور ہو کر واضح کم دباؤ کے علاقے (Well Marked Low Pressure Area) میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس وقت جنوب مشرقی راجستھان اور ملحقہ علاقوں پر موجود ہے۔
محکمہ کے مطابق مانسون کی ٹرف اس وقت راجستھان کے جنوبی حصے سے گزر رہی ہے، جس کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں میں موسم متاثر ہو رہا ہے۔ اس کے زیرِ اثر یکم اور 2 اگست کو ادے پور اور جودھ پور ڈویژن کے بعض علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش، جبکہ چند مقامات پر انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی نے کہا کہ جے پور، اجمیر اور بیکانیر ڈویژن کے کئی علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ محکمہ کے مطابق 3 اگست سے مانسون کی ٹرف شمال کی طرف منتقل ہونے کے باعث جنوب مغربی راجستھان میں بارش کی سرگرمیوں میں کمی آنے کا امکان ہے۔ تاہم 3 سے 5 اگست کے دوران بیکانیر ڈویژن، شیکھاوتی خطے اور جے پور و بھرت پور ڈویژن کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔