پنجاب - ہریانہ میں موسلادھار بارش جاری

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-09-2025
پنجاب - ہریانہ میں موسلادھار بارش جاری
پنجاب - ہریانہ میں موسلادھار بارش جاری

 



چنڈی گڑھ/ آواز دی وائس
پنجاب، ہریانہ اور چنڈیگڑھ کے کئی حصوں میں بدھ کے روز زور دار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بجلی گرنے کی نئی وارننگ جاری کی ہے۔ آنے والے دنوں میں پنجاب میں مانسون کی سرگرمی کچھ کمزور پڑنے کی امید ہے، لیکن شمالی اور جنوبی ہریانہ اور چنڈیگڑھ دونوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
چنڈیگڑھ موسمیات مرکز کے مطابق، پنجاب کے راجپورہ، ڈیرہ بَسّی، موہالی، چنڈیگڑھ اور کھڑڑ کے کچھ حصوں میں بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ ہریانہ میں صورتحال اور بھی سنگین دکھائی دے رہی ہے۔ نُوہ، تاوڑو، بلبھ گڑھ، سوہنا، گڑگاؤں، بہادرگڑھ، فرید آباد، کھرکھوڑا، سونی پت، گنّور، سمالکھا، باپولی، گھرونڈہ، کرنال، اِسرانا، پانی پت اور نیلوکھیری جیسے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے اور بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ فیروزپور جھِرکا، پُناہانہ، ہوڈل، ہتھین، پلول، ریوڑی، پٹودی، جھجر، بیری خاص، سانپلا، روہتک، اِندری، تھانَیسَر، گوہانا، صفی دون، اسندھ اور رادور سمیت وسیع علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش کا امکان ہے۔
موسمیات مرکز کے سربراہ سُریندر پال نےبتایا کہ تازہ تجزیے سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ پنجاب میں مانسون اب کمزور پڑ جائے گا۔ سنگرور اور دیگر علاقوں میں بارش میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہریانہ کے کُرکشیتر، پنچکُلا، امبالہ، یمُنا نگر، پانی پت، سونی پت، کرنال اور کیتھل جیسے اضلاع میں انتہائی بھاری بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شمالی اور جنوبی ہریانہ کے لیے آج ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، حالانکہ کل سے یہاں بارش میں کمی آنے کا امکان ہے۔ 7-8 تاریخ کے آس پاس مانسون کے دوبارہ سرگرم ہونے کی امید ہے، لیکن اس کی شدت زیادہ نہیں ہوگی۔
حکام نے سیلاب کا خدشہ رکھنے والے اور نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو، خاص طور پر گڑگاؤں، فرید آباد، چنڈیگڑھ اور موہالی جیسے پانی بھراؤ والے شہری علاقوں میں، محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ بجلی گرنے کے خدشے کو دیکھتے ہوئے کسانوں اور باہر کام کرنے والے مزدوروں کو بھی گرج چمک کے دوران گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اس علاقے کے کسانوں کے لیے بارش کا یہ سلسلہ ایک نہایت اہم وقت پر آیا ہے، کیونکہ دھان کی فصل نازک مرحلے پر ہے اور زیادہ پانی جمع ہونے سے کھڑی فصل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ دوسری طرف، اس بارش سے پانی کی قلت والے علاقوں کو راحت ملنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر ہونے کی امید ہے۔ ہریانہ اور پنجاب کے کچھ حصوں میں بھاری بارش کے جاری رہنے کے سبب، میونسپل کارپوریشن کے حکام نے نالوں اور تٹ بندھوں کی نگرانی بڑھا دی ہے، جبکہ آفاتِ سماوی کے انتظامی دستے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔