نئی دہلی/ آوازز دی وائس
ملک کی کئی ریاستوں میں مانسون قہر بن کر برس رہا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کی کئی ریاستوں میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ خاص طور پر راجستھان کے کچھ اضلاع میں آج بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 5 ریاستوں میں اورنج الرٹ جاری ہوا ہے۔ ساتھ ہی مالابار کے ساحلی علاقوں میں بھی شدید سے بہت شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
راجستھان میں بارش کا ریڈ الرٹ
محکمہ موسمیات نے مشرقی راجستھان میں شدید سے بہت شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پورے علاقے میں بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ البتہ مغربی راجستھان میں موسم معمول کے مطابق رہنے کے امکانات ہیں۔
۔5 ریاستوں میں جھما جھم بارش
محکمہ موسمیات نے 5 ریاستوں میں بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اس فہرست میں مدھیہ پردیش، مغربی اتر پردیش، دارالحکومت دہلی، ہماچل پردیش اور بہار شامل ہیں۔ ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یوپی کے 6 اضلاع میں تیز بارش
محکمہ موسمیات نے مغربی یوپی اور بندیل کھنڈ کے 6 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان میں آگرہ، جالون، ہمیر پور، مہوبہ، جھانسی اور للت پور سمیت کئی علاقے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یوپی کے دیگر اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دہلی میں موسم کیسا رہے گا؟
دارالحکومت دہلی میں صبح کا آغاز بارش ساتھ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی این سی آر میں آج اور کل شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس سے درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی اور عوام کو گرمی سے راحت ملے گی۔
بہار میں موسم کا حال
بہار کے کئی اضلاع میں آج بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ خاص طور پر پٹنہ، چمپارن، سیتامڑھی، مظفرپور، سمن پوری، سارن، نالندہ، مونگیر، دربھنگہ، سیوان، بیگو سرائے، مونگیر اور مدھے پورہ میں تیز بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کا امکان ہے۔
مالابار ساحل پر موسلادھار بارش کے آثار
محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی ہندوستان کے مغربی بنگال، اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ سمیت شمال مشرقی ریاستوں کے کچھ مقامات پر درمیانی سے شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ مالابار کے ساحلی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔