اتراکھنڈ : چمولی میں بادل پھٹنے سے تباہی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
اتراکھنڈ : چمولی میں بادل پھٹنے سے تباہی
اتراکھنڈ : چمولی میں بادل پھٹنے سے تباہی

 



چمولی / آواز دی وائس
اتراکھنڈ کے چمولی میں بادل پھٹنے سے بھاری تباہی مچ گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی لوگ لاپتہ ہیں۔ اس سے پہلے بھی اتراکھنڈ کے کئی اضلاع میں بادل پھٹنے کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ موسم کی شدت نے دیو بھومی میں حالات کو تشویشناک بنا دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چمولی ضلع کی تحصیل دیوال کے موپاٹا علاقے میں بادل پھٹا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے راحت و بچاؤ کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
خبر یہ بھی ہے کہ کیدار گھاٹی کے لوارا گاؤں میں ایک پل بہہ چکا ہے۔ اس کے علاوہ الکنندہ اور منداکنی ندی بھی طغیانی پر ہیں، کئی لوگوں کے گھروں میں پانی گھس چکا ہے۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بھی بادل پھٹنے کی تصدیق کی ہے۔ ان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک تفصیلی بیان جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ضلع رودر پریاگ کی تحصیل بسوکی دار کے تحت بڑے تھ ڈونگر ٹوک اور ضلع چمولی کے دیوال علاقے میں بادل پھٹنے کے باعث ملبہ آنے سے کچھ خاندانوں کے پھنس جانے کی افسوسناک خبر ملی ہے۔ مقامی انتظامیہ کی طرف سے راحت اور بچاؤ کے کام جنگی پیمانے پر جاری ہیں۔ اس سلسلے میں میں مسلسل افسران کے رابطے میں ہوں، آفات کے سکریٹری اور ضلع مجسٹریٹ سے بات کر کے بچاؤ کاموں کے مؤثر نفاذ کے لیے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔
یہ بھی بتا دیں کہ گزشتہ چند دنوں سے اتراکھنڈ میں بھاری بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کی وجہ سے الکنندہ اور منداکنی کا پانی کافی بڑھ چکا ہے اور کئی علاقوں میں سیلاب جیسے حالات ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کئی گھروں کو خالی بھی کروایا گیا ہے۔ اس وقت اتراکھنڈ کے ہری دوار میں بھی بھاری بارش ہو رہی ہے، وہاں کے ضلع مجسٹریٹ مایور دکشت نے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فی الحال محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ 29 اگست کو دہرہ دون، باگیشور، نینی تال اور چتٹوڑ گڑھ میں بھی تیز بارش ہونے والی ہے۔ اورینج الرٹ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے، جبکہ کئی دوسرے علاقوں کے لیے ییلو الرٹ دیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ میں آنے والے 2 سے 3 دنوں میں بھی مختلف مقامات پر بھاری بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے۔