گرمی کا قہر! 8 ریاستوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-06-2025
 گرمی کا قہر! 8 ریاستوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ
گرمی کا قہر! 8 ریاستوں میں ہیٹ ویو کا الرٹ

 



نئی دہلی/آواز دی وائس
شمالی ہندوستان میں گرمی کی شدید لہر مسلسل جاری ہے۔ دہلی-این سی آر سمیت ملک کے زیادہ تر حصے جھلس رہے ہیں، اور لوگوں کے لیے گھروں سے باہر نکلنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ ملک کی 8 ریاستوں میں ہیٹ ویو کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ منگل کے روز پنجاب کے بھٹنڈا میں سب سے زیادہ 47.6 ڈگری سیلسیئس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ راجستھان کے شری گنگا نگر میں دوسرا سب سے زیادہ 47.4 ڈگری سیلسیئس درج کیا گیا، جو معمول سے 5.9 ڈگری زیادہ ہے۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق، منگل کو ملک کے 19 شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیئس یا اس سے زیادہ درج کیا گیا، جن میں راجستھان، ہریانہ اور مدھیہ پردیش کے پانچ پانچ شہر شامل ہیں۔
راجستھان میں ریڈ الرٹ جاری
 ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سینئر سائنس دان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ راجستھان میں انتہائی شدید گرمی کی لہر کے امکانات کو دیکھتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس وقت راجستھان، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، دہلی-این سی آر، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں ہیٹ ویو جاری ہے۔
شمال مغربی ہندوستان میں ہیٹ ویو برقرار
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہندوستان میں گرمی کی لہر کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے اور 11 سے 13 جون کے دوران مغربی راجستھان کے کچھ حصوں میں شدید گرمی کی لہر کا خطرہ ہے۔
ان ریاستوں میں بھی الرٹ
محکمہ موسمیات کی تازہ پیش گوئی کے مطابق
۔11 جون کو مشرقی اتر پردیش
۔11 تا 13 جون کو پنجاب
۔11 تا 12 جون کو جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، ہریانہ، مغربی اتر پردیش اور شمالی مدھیہ پردیش میں ہیٹ ویو کی صورتحال بن سکتی ہے۔
ہیٹ ویو سے کب ملے گا ریلیف؟
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تین دن بعد شمالی اور مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں مغربی ہواؤں (ویسٹرن ڈسٹربنس) کے باعث بارش کے امکانات ہیں، جس سے گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔
ساتھ ہی، جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں مانسون کے دوبارہ تیز ہونے کا امکان ہے۔
۔12 جون کے بعد برسیں گے بادل
ڈاکٹر نریش کمار نے بتایا کہ ہماری پیش گوئی ہے کہ جنوب مغربی مانسون تین دن بعد دوبارہ فعال ہوگا، اور 12 جون کے بعد جنوبی ہندوستانی ریاستوں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ ہم نے کیرالہ، تمل ناڈو اور کونکن-گوا کے لیے شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔