نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں واضح کیا ہے کہ ہندو اَن ڈیوائیڈیڈ فیملی کا سربراہ بیٹی کی شادی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے خاندانی جائیداد فروخت کر سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ "قانونی ضرورت" کے زمرے میں آتا ہے۔
جسٹس سندیپ مہتا اور جسٹس جایمالیہ باگچی کی بینچ نے کہا کہ چاہے شادی جائیداد کی فروخت سے پہلے ہی کیوں نہ ہو چکی ہو، لیکن شادی کے لیے لیے گئے قرض اور اخراجات کا اثر کئی سالوں تک رہتا ہے۔ اس لیے ایسی فروخت کو جائز مانا جائے گا۔ بینچ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے 2007 کے اُس فیصلے کو منسوخ کر دیا جس میں نچلی عدالت کا حکم پلٹ کر ایچ یو ایف کی جائیداد کی فروخت کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے نچلی عدالت کا فیصلہ بحال کیا
نچلی عدالت نے پہلے خریدار کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ معاملہ اُس وقت شروع ہوا جب ایچ یو ایف کے چار بیٹوں میں سے ایک بیٹے نے اپنے والد (کرتا) کی طرف سے کی گئی فروخت کو چیلنج کیا۔ والد اور ان کی اہلیہ نے بیان دیا کہ جائیداد بیچنے کا مقصد بیٹی کاشی بائی کی شادی پر اٹھنے والے اخراجات کو پورا کرنا تھا۔ اس فروخت کو پانچویں مدعا علیہ یعنی خریدار نے بھی ’’قانونی ضرورت‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے درست قرار دیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ خریدار نے ثبوت پیش کر کے یہ ثابت کر دیا کہ جائیداد کی فروخت شادی کے اخراجات سے جڑی ہوئی تھی۔ عدالت نے پایا کہ رسیدوں پر والد کے ساتھ ان کی اہلیہ، بیٹی اور دو بیٹوں کے دستخط بھی موجود تھے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ خاندان کی رضامندی اس سودے میں شامل تھی۔