ہائی کورٹ نے انجینئر رشید کی عرضی پر این آئی اے سے جواب طلب کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 31-07-2025
ہائی کورٹ نے انجینئر رشید کی عرضی پر این آئی اے سے جواب طلب کیا
ہائی کورٹ نے انجینئر رشید کی عرضی پر این آئی اے سے جواب طلب کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز جموں و کشمیر کے ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید کی جانب سے دائر ایک عرضی پر این آئی اے سے جواب طلب کیا ہے۔ انجینئر رشید نے یو اے پی اے (غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا قانون) کے تحت درج دہشت گردی کی فنڈنگ کے ایک مقدمے میں خود پر عائد الزامات کو چیلنج کیا ہے، جو ایک نچلی عدالت نے طے کیے تھے۔
جسٹس ویوک چودھری اور جسٹس شیلندر کور کی دو رکنی بنچ نے نچلی عدالت کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے عرضی پر 6 اکتوبر کو سماعت کی تاریخ مقرر کی ہے۔
پارلیمنٹ آنے جانے کے اخراجات میں ترمیم کی درخواست
عرضی میں انجینئر رشید نے پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کے لیے عارضی ضمانت یا حراستی پی رول کی مانگ کی ہے، اور ساتھ ہی عدالت کی جانب سے پارلیمنٹ آنے جانے کے سفر کے اخراجات میں ترمیم کی بھی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے الزامات طے کیے جانے کے حکم کو بھی چیلنج کیا ہے۔
سماعت کے دوران انجینئر رشید کی جانب سے سینئر وکیل ہری ہرن عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ این آئی اے کی جانب سے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا نے پیروی کی۔
کس دن کس عرضی پر سماعت ہوگی؟
عدالت نے پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کے لیے سفر خرچ میں ترمیم کی عرضی کو چیف جسٹس کے حکم کے تحت اُسی بنچ کو واپس بھیج دیا ہے جس نے پہلے یہ فیصلہ دیا تھا۔ اس عرضی پر 6 اگست کو سماعت ہوگی۔
جبکہ عارضی ضمانت کی مانگ اور الزامات طے کرنے کے نچلی عدالت کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضی پر 6 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔
یومیہ 1.5 لاکھ روپے کے اخراجات
واضح رہے کہ این آئی اے کورٹ نے انجینئر رشید کو 24 جولائی سے 4 اگست تک پارلیمنٹ میں شرکت کے لیے حراستی پی رول پر جانے کی اجازت دی تھی، اور ساتھ ہی یومیہ ڈیڑھ لاکھ روپے سفر خرچ دینے کا حکم دیا تھا، جسے رشید نے عدالت میں چیلنج کر دیا تھا۔ دوسری طرف، رشید نے پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کے لیے عارضی ضمانت کی بھی درخواست دی ہے۔
جیل سے ہی الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی
قابل ذکر ہے کہ انجینئر رشید نے تہاڑ جیل میں قید ہونے کے باوجود 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ سے الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔
انہیں این آئی اے نے 2017 میں دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق مقدمے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت گرفتار کیا تھا، اور 2019 سے وہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔