نفرت نہیں انصاف ملک کو مضبوط بناتا ہے، جمعیۃ علماء ہند

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-06-2026
نفرت نہیں انصاف ملک کو مضبوط بناتا ہے، جمعیۃ علماء ہند
نفرت نہیں انصاف ملک کو مضبوط بناتا ہے، جمعیۃ علماء ہند

 



 نئی دہلی:ملک میں بڑھتے ہوئے نفرت انگیز بیانات۔ فرقہ وارانہ کشیدگی۔ اقلیتوں کے خلاف مبینہ امتیازی رویوں اور آئینی حقوق سے متعلق خدشات کے درمیان جمعیۃ علماء ہند کی عاملہ کمیٹی نے ایک اہم اجلاس میں موجودہ قومی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کے بعد متعدد قراردادیں منظور کیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ملک اس وقت ایک نہایت حساس مرحلے سے گزر رہا ہے اور سماجی ہم آہنگی۔ جمہوری اقدار اور آئینی اصولوں کے تحفظ کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ عاملہ کمیٹی نے چھ نکاتی مطالباتی منشور بھی پیش کیا اور حکومت۔ عدلیہ۔ میڈیا اور سیاسی جماعتوں سے آئین کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کی اپیل کی۔

جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 11 جون 2026 کو تنظیم کے صدر حضرت مولانا محمود اسعد مدنی کی صدارت میں عاملہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر ایک تفصیلی قرارداد کا مسودہ پیش کیا گیا جس پر طویل غور و خوض کے بعد اسے منظور کر لیا گیا۔ بعد ازاں یہ قرارداد عاملہ کمیٹی کے تمام اراکین کے سامنے توثیق کے لیے پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

ملک کے حالات پر تشویش

عاملہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران حکومتی ترجیحات اور سماجی رویوں میں جو تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں وہ نہ صرف ایک مخصوص طبقے بلکہ پورے جمہوری نظام کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ نفرت انگیز تقاریر نے ماحول کو مزید آلودہ کر دیا ہے اور مذہبی انتہا پسندی جو کبھی سماج کے حاشیے پر دکھائی دیتی تھی اب قومی سیاست اور اقتدار کے بیانیے کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔

کمیٹی نے کہا کہ ملک کے آئینی تشخص کو تبدیل کرنے کی ایک منظم کوشش محسوس کی جا رہی ہے اور اس عمل میں عدالتی رویوں کے حوالے سے بھی سوالات پیدا ہوئے ہیں۔ بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اقلیتوں کی مذہبی آزادی۔ ان کی عبادت گاہوں۔ مدارس اور قبرستانوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مختلف بہانوں کی آڑ میں کارروائیاں اور انہدامی اقدامات جاری ہیں۔

ووٹنگ کے حقوق اور شہریت کے معاملات

قرارداد میں حالیہ انتخابی اور شہریت سے متعلق سرگرمیوں پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ عاملہ کمیٹی کے مطابق شہری شناخت اور شہریت کے نام پر ہونے والی کارروائیوں نے لاکھوں شہریوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ بعض اقدامات کا مقصد محض انتخابی فہرستوں کی اصلاح نہیں بلکہ کچھ طبقات کی سیاسی نمائندگی کو محدود کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اگر جمہوریت کے بنیادی ستون یعنی حق رائے دہی پر عوام کا اعتماد متزلزل ہو جائے تو اس کے نتائج انتہائی دور رس اور خطرناک ہو سکتے ہیں۔

اصل مسائل پس منظر میں چلے گئے

جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ ملک کے نوجوان روزگار کے مسئلے سے دوچار ہیں۔ کسان مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مہنگائی عام آدمی کی زندگی کو متاثر کر رہی ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبے بھی چیلنجوں سے نبرد آزما ہیں۔ اس کے باوجود قومی مباحثے کا رخ بار بار مذہبی تنازعات اور فرقہ وارانہ مباحث کی طرف موڑ دیا جاتا ہے۔بیان میں زور دیا گیا کہ قوموں کی توانائی حقیقی مسائل کے حل پر صرف ہونی چاہیے نہ کہ ایسے تنازعات پر جو سماج کو تقسیم کریں اور عوام کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹا دیں۔

نفرت نہیں انصاف ملک کو مضبوط بناتا ہے

عاملہ کمیٹی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ قومیں نفرت سے تعمیر نہیں ہوتیں بلکہ نفرت انہیں تقسیم کر دیتی ہے۔ قومیں انصاف سے مضبوط ہوتی ہیں۔ اعتماد سے آگے بڑھتی ہیں اور مساوات سے ترقی کرتی ہیں۔ اگر آج انصاف۔ مساوات اور آئینی اقدار کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوشش نہ کی گئی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ جمعیۃ علماء ہند کسی تصادم یا نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ آئین۔ قانون اور جمہوری اقدار کی بالادستی کی حامی ہے۔ ساتھ ہی یہ واضح کیا گیا کہ خوف۔ دباؤ یا دھمکیوں کے ذریعے کسی بھی طبقے کو اس کے آئینی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

غیر قانونی دراندازی اور آبادیاتی تبدیلیوں پر الگ قرارداد

اجلاس میں ایک دوسری اہم قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں ملک کے مختلف حصوں میں غیر قانونی دراندازی اور آبادیاتی تبدیلیوں کے نام پر جاری سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ آسام۔ مغربی بنگال۔ اتر پردیش اور اتراکھنڈ سمیت بعض ریاستوں میں یہ تاثر پیدا کیا جا رہا ہے کہ اقلیتی برادریاں ملک کی آبادیاتی ساخت۔ ثقافتی شناخت اور قومی مفادات کے لیے خطرہ ہیں۔ تنظیم کے مطابق اس طرح کی مہمات سماجی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور آئین میں دیے گئے مساوی شہریت اور انصاف کے اصولوں کو کمزور کر رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ مرکزی وزارت داخلہ خود پارلیمنٹ میں یہ تسلیم کر چکی ہے کہ ملک میں غیر قانونی دراندازوں کی کوئی مصدقہ تعداد موجود نہیں ہے۔ اس کے باوجود بعض سیاسی اور انتظامی حلقے غیر مصدقہ دعووں کی بنیاد پر ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

جمعیۃ علماء ہند نے واضح کیا کہ وہ غیر قانونی دراندازی کی حمایت نہیں کرتی اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سرحدی سلامتی کو یقینی بنائے اور قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ تاہم کسی مذہبی یا لسانی گروہ کو اجتماعی طور پر مورد الزام ٹھہرانا یا کسی شہری کو اس کی شناخت کی بنیاد پر ہراساں کرنا ناقابل قبول ہے۔

چھ نکاتی مطالباتی منشور

عاملہ کمیٹی نے ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر چھ اہم مطالبات بھی پیش کیے۔

1۔ مذہب۔ ذات۔ نسل۔ زبان یا شناخت کی بنیاد پر تشدد۔ لنچنگ۔ نفرت انگیز حملوں اور نفرت آمیز تقاریر کے خلاف سپریم کورٹ کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

2۔ فرقہ وارانہ فسادات۔ اجتماعی قتل یا ہجومی تشدد کے واقعات میں متعلقہ انتظامیہ کو جواب دہ بنایا جائے اور متاثرین کو مناسب معاوضہ۔ قانونی تحفظ اور باز آبادکاری فراہم کی جائے۔

3۔ تعلیم۔ روزگار۔ مہارت اور سرکاری اداروں میں محروم طبقات اور اقلیتوں کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔

4۔ آئین کے تحت حاصل مذہبی آزادی۔ عبادت گاہوں۔ اقلیتی تعلیمی حقوق اور مذہبی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

5۔ ووٹر فہرستوں۔ شہریت اور شناخت سے متعلق تمام عمل میں شفافیت اور آئینی تقاضوں کی مکمل پابندی کی جائے اور کسی شہری کو مکمل قانونی عمل کے بغیر غیر ملکی قرار دے کر ملک بدر نہ کیا جائے۔

6۔ حکومت فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کی حمایت کرے اور اسرائیل کے ساتھ فوجی و دفاعی تعاون پر نظرثانی کرے۔

اجلاس میں کون کون شریک تھا

عاملہ کمیٹی کے اجلاس میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی۔ جنرل سیکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی۔ جمعیۃ علماء ہند کی مستقل کمیٹی کے صدر مولانا رحمت اللہ میر۔ خازن مولانا قاری شوکت علی۔ دینی تعلیمی بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا مفتی سید محمد سلمان منصورپوری۔ دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا مفتی محمد راشد اعظمی۔ مولانا عبداللہ معروف۔ مفتی سید محمد عفان منصورپوری۔ مولانا نیاز احمد فاروقی۔ مولانا کلیم اللہ قاسمی۔ مفتی شمس الدین بجلی قاسمی۔ مولانا یحییٰ کریمی سمیت عاملہ کمیٹی کے دیگر منتخب اراکین بھی موجود تھے۔

اجلاس کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک کی حقیقی طاقت اس کے آئین۔ جمہوری اداروں۔ مذہبی و ثقافتی تنوع اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق میں مضمر ہے۔ اگر ہر شہری خود کو بلا خوف و امتیاز ملک کا برابر کا شریک محسوس کرے گا تو ہی ملک کا مستقبل محفوظ اور مستحکم ہو سکے گا۔