ہاتھرس حادثہ: ایس آئی ٹی نے 300 صفحات کی رپورٹ پیش کی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-07-2024
ہاتھرس حادثہ: ایس آئی ٹی نے 300 صفحات کی رپورٹ پیش کی
ہاتھرس حادثہ: ایس آئی ٹی نے 300 صفحات کی رپورٹ پیش کی

 

ہاتھرس/ آواز دی وائس
اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ہاتھرس بھگدڑ کے واقعہ سے متعلق 300 صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ پیش کی ہے۔ 2 جولائی کو ساکر وشوا ہری عرف بھولے بابا کے ستسنگ میں بھگدڑ مچنے سے 121 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ایس آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ یہ حادثہ ستسنگ منعقد کرنے والی کمیٹی کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔ اس کے علاوہ انتظامیہ پر بھی سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔ تاہم رپورٹ میں بھولے بابا کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
معلومات کے مطابق ایس آئی ٹی کی اس رپورٹ میں 119 لوگوں کے بیانات بھی درج کیے گئے ہیں۔ تفتیشی ٹیم میں اے ڈی جی آگرہ زون انوپم کلشریستھا اور علی گڑھ کمشنر چترا وی شامل تھے۔
ہاتھرس میں بھگدڑ کا واقعہ: ایس آئی ٹی نے 119 لوگوں کے بیانات درج کئے
ایس آئی ٹی نے 300 صفحات کی رپورٹ تیار کرنے اور بھگدڑ کی جگہ پر کیا ہوا اس کا پتہ لگانے کے لیے 119 لوگوں کے بیانات ریکارڈ کیے ۔ اپنے بیانات ریکارڈ کرانے والوں میں یوپی پولیس کے کئی اعلیٰ افسران بھی شامل تھے۔ جس میں ہاتھرس کے ڈی ایم آشیش کمار اور ایس پی نپن اگروال کے نام بھی تھے۔ ستسنگ میں 2 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی تھی، جب کہ حکام نے تقریباً 80،000 لوگوں کے لیے اجازت طلب کی تھی۔ ایسے میں انتظامیہ اور آرگنائزنگ کمیٹی سوالوں کی زد میں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں بھیڑ بھاڑ کو بھگدڑ کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
پولیس افسران کے بیانات بھی شامل کیے گئے ہیں جو 2 جولائی کو ڈیوٹی پر تھے، جس دن بھگدڑ مچی تھی۔ ایس آئی ٹی کی رپورٹ میں متاثرین کے اہل خانہ کے بیانات بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل اتر پردیش جوڈیشل کمیشن کی ٹیم نے ہاتھرس بھگدڑ کیس میں کئی عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کیے تھے۔
ہاتھرس بھگدڑ کیس میں 6 جولائی کو بھولے بابا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اسی دن بابا نے ایک پیغام میں کہا تھا کہ وہ ہاتھرس بھگدڑ کے واقعے سے غمزدہ ہیں اور انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے کہا کہ وہ عدلیہ پر اعتماد رکھیں۔