ہریانہ میں اسکولوں کی چھٹیوں کا اعلان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-12-2025
ہریانہ میں اسکولوں کی چھٹیوں کا اعلان
ہریانہ میں اسکولوں کی چھٹیوں کا اعلان

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
سردی کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ہریانہ حکومت نے ریاست کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں سرمائی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمۂ تعلیم کی جانب سے جاری حکم کے مطابق، تمام اسکول یکم جنوری 2026 سے 15 جنوری 2026 تک بند رہیں گے۔ اس کے بعد 16 جنوری 2026 سے اسکول معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گے۔
بورڈ جماعتوں کے لیے خصوصی ہدایات
محکمۂ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ تعطیلات کے دوران بھی دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کو عملی (پریکٹیکل) امتحانات کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔ یہ عمل سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای اور دیگر بورڈز کے قواعد کے مطابق ہوگا۔ اس لیے بورڈ امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کو اسکول کی جانب سے جاری ہدایات پر خاص توجہ دینی ہوگی۔
کرسمس کے بعد مسلسل تعطیلات
ہریانہ کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں 25 دسمبر کو کرسمس کی باقاعدہ تعطیل ہوگی، لیکن اس کے بعد مزید دو اہم تعطیلات بھی ہوں گی۔ معلومات کے مطابق، 26 دسمبر کو اودھم سنگھ جینتی، 27 دسمبر کو گرو گووند سنگھ جینتی اور 28 دسمبر کو معمول کے مطابق اتوار کی چھٹی ہوگی۔
اس طرح 25 دسمبر سے 28 دسمبر تک مجموعی طور پر چار دن اسکول بند رہیں گے۔ بچوں کو سردیوں کے آغاز میں ہی یہ مسلسل تعطیلات ملیں گی۔ اس کے بعد یکم جنوری سے 16 جنوری تک بھی چھٹیاں رہیں گی۔
محکمۂ موسمیات کا الرٹ
محکمۂ موسمیات نے سرسا، بھٹنڈا، روہتک اور حصار سمیت ہریانہ کے کئی علاقوں میں شدید سردی اور گھنے کوہرے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس وقت کئی مقامات پر کم سے کم درجۂ حرارت 4 سے 7 ڈگری سیلسیس تک پہنچ چکا ہے۔ صبح کے وقت گھنے کوہرے کے باعث حدِ نگاہ کافی کم ہو گئی ہے۔
اسکول کے اوقات میں پہلے ہی تبدیلی
ہریانہ حکومت نے پہلے ہی اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے صبح دیر سے اسکول شروع کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، تاکہ بچوں کو شدید سردی میں باہر نہ نکلنا پڑے۔ اب سردی اور کوہرے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مزید تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔