شہریوں میں ہم آہنگی سے ملک مضبوط ہوتا ہے۔ محمد سلیم انجینئر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-02-2021
پروگرام کا منظر
پروگرام کا منظر

 

 

 نئی دہلی۔ ”ملک میں باہمی بھائی چارہ اور آپسی محبت کو کمزور ہونے سے بچانا تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے۔کیونکہ ہم آہنگی مضبوط ہوگی تو ہمارا ملک مضبوط رہے گا“ یہ باتیں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے ’سدبھاؤنا منچ آسام‘کی جانب سے گوہاٹی میں منعقدہ ایک سمینار بعنوان ”انٹر فیتھ ڈائیلاگ“ کو خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ سمینار گوہاٹی کے آسام ساہتیہ سبھا بھون کے نہا اگروال میموریل آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا جس کا مقصد ریاست میں رہنے والے مختلف نسلی گروہوں اور قبائل کے مابین محبت، اعتماد اور ہم آہنگی کو مستحکم کرنا ہے۔

ڈاکٹرسلیم انجینئر نے اجلاس کا مقصد بتاتے ہوئے وضاحت کی کہ ہمیں اکٹھا ہونے کی ضرورت کیوں ہے اور اس میں مذہبی رہنماؤں کا کیا کردار ہوسکتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مذہبی رہنما آگے آئیں اور اپنے آئین اور ملک کو فاشزم سے بچانے کے لئے متحد ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ کمیونیٹیز میں عدم برداشت کے پیچھے ایک دوسرے کے بارے میں لاعلمی ہے۔یہ بات نوٹ کرنا ضروری ہے کہ اپنے مذہب سے محبت کرنی چاہئے مگر اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ دوسرے کے مذہب سے نفرت کی جائے۔

سمینار میں جماعت اسلامی ہند کے نیشنل سکریٹری ملک معتصم خاں سمیت ہندو، مسلم کرسچن، بدھسٹ، سکھ،جین برہما مذاہب سمیت دیگر کمیونیٹیز کے رہنماؤں نے شرکت کی جن میں پروہت مندر بامونی موئیڈم کے نیپال چکرورتی، سکھ مذہب کے رہنما ایل پی سنگھ جی اور ڈاکٹر مہندر کور جی، کوٹن یونیورسٹی کے سابق لیکچرار ڈاکٹر سونالی بروا ہزاریکا، برہما کماری ایشوریہ مندر گوہاٹی کی برہم کماری موسمی بہن جی، سودو آسام برہمادھرمیو کمیٹی کے صدر امریندر برہما شامل تھے۔سمینار میں شامل مقررین نے آنے والے وقتوں میں مختلف نسلوں، مذاہب اور کمیونیٹیز کے مابین محبت، اعتماد اور ہم آہنگی کے لئے کام کرنے کا عزم کیا۔ جماعت اسلامی ہند کے کل ہند سکریٹری محمد شفیع مدنی کی اختتامی تقریر پر سمینار اختتام پذیر ہوا۔