ہاردک پٹیل آئندہ ہفتے شامل ہوسکتے ہیں بی جے پی میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-05-2022
ہاردک پٹیل آئندہ ہفتے شامل ہوسکتے ہیں بی جے پی میں
ہاردک پٹیل آئندہ ہفتے شامل ہوسکتے ہیں بی جے پی میں

 

 

احمدآباد: پاٹی دار انامت آندولن سمیتی (PAAS) کے کنوینر اور کانگریس کے سابق ورکنگ صدر ہاردک پٹیل 30 مئی یا 31 مئی کو گاندھی نگر میں بی جے پی میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے جمعہ کو احمد آباد میں اس کا اشارہ دیا اور الیکشن لڑنے کا بھی اشارہ دیا۔ پٹیل نے ایک ٹی وی چینل پر ایک پروگرام میں اشارہ دیا ہے کہ وہ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں اور پارٹی فیصلہ کرے گی کہ وہ کس حلقے سے اسمبلی الیکشن لڑیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سومناتھ مندر سے اسٹیچو آف یونٹی تک ایکتا یاترا کی قیادت کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ہاردک پٹیل کے بی جے پی میں شامل ہونے کا یہ ایک شاندار پروگرام ہوگا۔ انہیں بی جے پی میں شامل ہونے کے لیے دو آپشن دیے گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہاردک اور بی جے پی اس دن ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

ہاردک نے 18 مئی کو پارٹی کے ورکنگ صدر کے ساتھ ساتھ پارٹی کے پرائمری ممبر کی حیثیت سے کانگریس سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تب سے یہ قیاس آرائیاں ہورہی تھیں کہ وہ بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ ایک دن بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ جمعہ کو اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔

 جس دن سے ہاردک نے کانگریس سے استعفیٰ دیا، وہ پارٹی پر حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی پاٹی دار مخالف اور گجرات مخالف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قومی رہنماؤں کے اقدامات بھی گجرات مخالف ہیں۔

ہاردک پٹیل خاص طور پر گجرات کانگریس کے انچارج رگھو شرما اور جی پی سی سی کے سابق صدر بھرت سنگھ سولنکی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر عوام کے جذبات کا احترام نہیں کر رہے۔