محنت اور نظم و ضبط زندگی کے ہر شعبے کی بنیاد ہیں: سیدنا مفضل سیف الدین

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-08-2026
محنت اور نظم و ضبط زندگی کے ہر شعبے کی بنیاد ہیں:  سیدنا مفضل سیف الدین
محنت اور نظم و ضبط زندگی کے ہر شعبے کی بنیاد ہیں: سیدنا مفضل سیف الدین

 



ممبئی: داؤدی بوہرہ كميونٹى کے روحانی پیشوا، عزت مآب سیدنا مفضل سیف الدین نے پير كے دن ممبئی کی سیفی مسجد میں حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے چہلم کے موقع پر خطاب فرمایا۔ کربلا میں نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں منعقد ہونے والے اس اجتماع میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
 
اپنے خطاب میں حضرت سيدنا نے محنت اور نظم و ضبط کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ یہ دونوں اوصاف زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی اور ترقی کی بنیاد ہیں۔ آپ نے ارشاد فرمایا کہ تعلیم کے حصول، اولاد کی بہترین تربیت اور دیانت داری کے ساتھ روزی کمانے میں نظم و ضبط اور مسلسل محنت کو ہمیشہ پیشِ نظر رکھنا چاہیے، کیونکہ یہی مضبوط اور باوقار خاندان اور معاشرے کی تعمیر کا ذریعہ بنتے ہیں۔
اس موقع پر ممبئی اور مضافاتی علاقوں سے تقریباً 70  ہزار داؤدی بوہرہ افراد شریک ہوئے، جن میں  40 ہزار مقامی افراد جبکہ 30  ہزار مہمان دنیا کے مختلف ممالک سے اس اجتماع میں شرکت کے لیے ممبئی پہنچے تھے۔
اجتماع میں شریک 15 سالہ طالبہ بتول عباس نے کہا:"سيدنا کے خطاب نے مجھے اپنی تعلیم اور روزمرہ زندگی میں نظم و ضبط اختیار کرنے کی نئی ترغیب دی ہے۔ آج مجھے یہ احساس ہوا کہ محنت صرف کامیابی حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک مضبوط کردار کی تعمیر بھی کرتی ہے۔"
 
اسی طرح ممبئی کے 40  سالہ صنعت کار حسین ڈھونڈیا، جوفومیگیشن اور سائنٹفک آلات کی صنعت سے وابستہ ہیں، نے کہا "کامیابی کا کوئی قصير راستہ نہیں، صرف مسلسل محنت ہی انسان کو آگے لے جاتی ہے۔ سيدنا کے ارشادات نے مجھے اپنے کاروبار میں بھی محنت اور نظم و ضبط کو مزید مضبوطی سے اپنانے کا حوصلہ دیا ہے۔"
خطاب کے اختتام پر حضرت سيدنا نے حضرت امام حسین علیہ السلام، اہلِ بیتِ اطہار اور رفقائے باوفا کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے، حق، انصاف اور انسانیت کے لیے دی گئی ان کی لازوال قربانی کو یاد کیا، اور حاضرین کو ان اعلیٰ اقدار کو اپنی زندگیوں میں اختیار کرنے کی تلقین فرمائی۔